بنگلورو:۔بنگلورومیں دہشت گردی کی سرگرمیوں کو انجام دینے کے الزام میں پانچ نوجوانوں کو جانچ ایجنسیوں نے گرفتارکیاہے۔آج اس سلسلے میں بنگلورو سی سی بی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ این آئی اے اور سی سی بی کی مشترکہ کارروائی میں پانچ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔مدثر،فیضل ربانی،سہیل،عمرکو اس معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔گرفتارہونےوالے ملزمان کے پا س سے چالیس گولیاں،دو ڈائگر اور بارہ موبائل ضبط کئے گئے ہیں ، ان تمام کو تربیت دینے والاملزم جنیدہے جو اس وقت مفرور ہے۔سال2017 میں آرٹی نگرمیں ہونے والے قتل کی واردات کوانجام دینے والے21 نوجوانوں کوگرفتار کیا گیا تھا،ان میں سےپانچ ملزمان کو بنگلورو سینٹرل جیل میں رکھا گیا تھا ،وہاں پر مشتبہ دہشت گردوں نے ا ن پانچ نوجوانوں کی ذہن سازی کرتے ہوئے اپنے ماتحت کرلیا تھا،اس کے بعد انہوں نے تربیت دیکر بنگلورو شہرکے دس مقامات پر دھماکہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔ گرفتار ہونے والے ملزمان ہر دن شام کو ماسٹر مائنڈ کہلانے والے جنیدکے ساتھ ایک جگہ بیٹھا کرتے تھے ، جہاں پر انہیں تربیت دی جاتی تھی۔تربیت لینے کی جگہ نشاندہی کرتے ہوئے پولیس نے یہ کارروائی کی ہے ۔بعض میڈیا ذرائعوں کا کہناہے کہ یہ نوجوان پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی اور طالبان کے رابطوں میں تھے،جہاں پر انہیں بھارت میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دینے کیلئے تیار کیاجارہا تھا ۔ واضح ہوکہ ریاست میں مسلسل مسلم نوجوان اس طرح کے الزامات میں گرفتارہورہے ہیں اور ان نوجوانوں کا پس منظر اب تک واضح نہیں ہوا ہے ۔ حالانکہ بیشتر نوجوان اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں،مگر وہ کن بنیادوں کی وجہ سے ان سرگرمیوں میں ملوث پائے جارہے ہیں ،اس کا اندازہ نہیں ہوپا رہا ہے ۔ بیشتر نوجوانوں کا کہناہے کہ ملک میں خلافت قائم کرنے ، غزوہ کی بنیادرکھنے اور اسلامی حکومت قائم کرنے کیلئے یہ حرکتیں کی جارہی ہیں،مگر ان نوجوانوں کا پس منظر دیکھا جائے تو یہ نوجوان صرف جذباتی ہوکر بہکائوے میں آرہے ہیں،کئی علاقوں میں گرفتار ہونے والے نوجوانوں کی گرفتاریوں کے پیچھے یہی وجوہات ہیں ، جبکہ یہ لوگ کچھ بھی نہیں کرسکتے۔کہاوت ہے کہ کھایاپیا کچھ نہیں ، گلاس پھوڑا بارہ آنے کا۔تعلیم یافتہ ہوکر بھی یہ نوجوان صحیح اور غلط کی نشاندہی نہیں کرپارہے ہیں ، جہاں وہ بہتر تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو بہتر کرسکتے ہیں اور سماج کو بہتر راہ پر لے جاسکتے ہیں،وہیں انٹرنیٹ پر غیر ضروری مواد کی تحقیق کرتے ہوئے گمراہ ہوتے جارہے ہیں۔حالانکہ ان نوجوانوں کو قرآن وحدیث کی کتابوں میں ہی دین اسلام سیکھنے کا موقع مل سکتاہے،لیکن اسلام ، خلافت،غزوہ اور جہادکے نام پر قائم شدہ گمراہ کن سوشیل میڈیا پلاٹ فارم تنظیموں اور افراد سے تعلقات بنا کر اپنی زندگیاں جہنم بنا رہے ہیں،جس سے نہ صرف ان نوجوانوں کی زندگیاں ختم ہورہی ہیں،بلکہ اسلام اور مسلمانوں کو بھی ان کی وجہ سے داغدار ہوناپڑرہا ہے۔
