بنگلورو:۔ریاست میں بی پی ایل کارڈ والوں کواور ایک بی پی ایل کارڈ جاری کرنے کیلئے غورکیاجارہاہے،اس سے طبی سہولیات حاصل کرنےمیں آسانی ہوگی۔اس بات کی اطلاع ریاستی وزیر برائے خوراک اور شہری سہولیات ایچ منیپانے دی ہے۔آج شام وہ ودھا ن سودھامیں نامہ نگاروں کو اس تعلق سے اطلاع دیتے ہوئے بتایاکہ آندھراپردیش کے طرز پر کرناٹک میں بھی دو راشن کارڈ جاری کئے جائینگے،ایک راشن کارڈمیں راشن لیاجاسکتاہے،دوسراکارڈ طبی سہولیات کیلئے استعمال کیاجاسکتاہے۔ ریاستی وزیر کا کہناہے کہ بی پی ایل کارڈکے بیشترلوگ راشن نہیں لے رہے ہیں،وہ اس کارڈ کا استعمال صرف طبی سہولیات کیلئے کررہے ہیں۔پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں صرف طبی سہولیات کیلئے علیحدہ راشن کارڈ د یا گیا ہے ، اسی نظام کو کرناٹک میں بھی رائج کرنے کیلئے غورکیاجارہاہے۔ریاست میں اس وقت28.1کروڑ بی پی ایل کارڈ ہیں ، ان میں97.27لاکھ راشن کارڈ ہولڈرس نے اپنے کارڈ کو بینک کھاتوں،آدھارکارڈ اور موبائل فون سے جوڑ رکھا ہے ، بقیہ 30.90لاکھ لوگوں نے ابھی تک اس کام کو مکمل نہیں کیاہے،پہلے مرحلے میں چاول کی رقم اُن تمام راشن کارڈ ہولڈرس کو پہنچائی جائیگی جنہوں نے اپنے راشن کارڈ کوبینک کھاتے اور آدھارکارڈ سے جوڑرکھا ہے ۔ بی پی ایل کارڈ حاصل کرنے کیلئے3/لاکھ عرضیاں ابھی بھی باقی ہیں اُنہیں جلدہی جاری کیاجائیگا،اب تک27 اضلاع میں 566 کروڑ روپئے چاول کے عوض نقد رقم بینک کھاتوں میں جمع کی جاچکی ہے،شیموگہ،چکبلاپور ،اُڈپی اور وجئے نگر میں اس رقم کو اداکرنا باقی ہے۔
