شیموگہ:۔ریاستی حکومت نے عوام کو مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیاہے،جس کے مطابق جولائی کے مہینے کی بجلی بل یا تو مفت ہوئی ہے یاپھر بہت کم رقم اداکرنی پڑرہی ہے۔ایسے میں میسکام کے ماتحت آنےوالے شیموگہ سمیت کئی علاقوں میں مفت لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ چل ر ہاہے ۔ پچھلے تین دنوں سے شیموگہ شہرمیں غیر اعلانیہ طورپر بجلی کی فراہمی روکی جارہی ہے ، جس کی مدت ایک گھنٹے سے لیکر تین گھنٹوں تک ہے۔اس سلسلے میں بات کرنے کیلئے میسکام کے افسرا ن تیارنہیں ہیں اور کچھ افسران فون ہی نہیں اٹھارہے ہیں۔حالانکہ بجلی کے آلات اور لائن کی درستگی کیلئے ہر مہینہ یا دومہینوں میں10 گھنٹے بجلی کی کٹوتی کی جاتی ہے،مگر اسمارٹ سٹی کے تعمیری کام کے نام پر بھی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے،جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے۔عوام نے بجلی محکمے سے مطالبہ کیاہے کہ وہ اس تعلق سے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو حل کرے۔
