کوپل:۔سابقہ بی جے پی حکومت نے ریاست کو معاشی اور اقتصادی طورپربربادکیاتھا،اس بربادی کو ہم سدھارکرریاست کو آبادکرنے کا کام کررہے ہیں۔اس بات کااظہاروزیر اعلیٰ سدرامیانے کیاہے۔انہوں نے ضلع کے ہوسپیٹ کے دورے کے دوران نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ خشک سالی کے سلسلے میں ہم نے مرکزی حکومت سے مالی امدادطلب کی تھی،مرکزی حکومت ریاست کے ساتھ متعصبانہ رویہ اختیارکررہی ہے۔خشک سالی کے حالات کے تعلق سےمرکزی حکومت کو بآور کرانے کیلئے ریاست کے وزراء وزیر اعظم اور متعلقہ وزراء سے ملاقات کیلئے وقت مانگ رہے ہیں،لیکن وقت نہیں دیاجارہا ہے ۔مرکزی حکومت سے ریاست کے حالات بیان کرنے کے بجائے کرناٹک بی جے پی سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے اضلاع کا دورہ کررہی ہے۔بی جے پی کے لیڈران اضلاع کا دورہ کرنے کے بجائے مرکزی حکومت سے مالی امداد طلب کرتے ہیں تو یہ اچھی بات ہوگی ،ریاست میں25/اراکین پارلیمان بی جے پی کے ہیں،لیکن یہ لوگ مرکزی حکومت سے ریاست کیلئے امدادمانگنے کے بجائے یہاں گھوم پھر کر وقت ضائع کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بی جےپی کے ایم ایل اے بسواناگوڈا پاٹل اس بات کی پیشن گوئی کررہے ہیں کہ ریاست میں کانگریس حکومت زوال پذیرہوجائیگی،دراصل پاٹل دن میں خواب دیکھ رہے ہیں،ریاست میں حکومت مستحکم ہے،سرجےوالااور و ینو گوپال کی ریاست میں آمد یہاں کے انتشارکو ختم کرنے کیلئے نہیں بلکہ پارلیمانی انتخابات کی تیاری کیلئے ہے،ویسے بھی ریاست میں کسی بھی طرح کا انتشارنہیں ہے،ہم تمام متحدہیں۔مزید انہوں نے کہاکہ اگر اراکین اسمبلی دبئی کا دورہ کررہے ہیں تو یہ اُن کاذاتی دورہ ہے،اس میں حکومت کی کوئی مداخلت نہیں اورنہ ہی حکومت یہ اخراجات اداکررہی ہے۔
