بنگلورو:۔جموں کشمیرمیں راجوری ضلع میں آج حفاظتی دستوں اور دہشت گردوں کے درمیان ہونےوالی گولی بارمیں دو کیپٹن رینک کے افسران سمیت تین فوجی جاں بحق ہوئے ہیں،جن میں بنگلوروکے کیپٹن پرانجل بھی جاں بحق ہونےوالے افسرہیں۔کیپٹن پرانجل(29)ایم آرپی ایل کے وظیفہ یاب ڈائریکٹر ایم وینکٹیش کے اکلوتے بیٹے تھے۔کیپٹن پرانجل کےساتھ پیراشوٹ ریجمنٹ کے کیپٹن شوبھم اور حولدارعبدالمجید جاں بحق ہونےوالے ہیں،جبکہ چوتھے فوجی کی شناخت ابھی تک نہیں ہوئی ہے۔کیپٹن پرانجل بنگلوروکے دہلی پبلک اسکول میں اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کی تھی،اس کے بعد انہوں نے ڈیفنس اکیڈمی میں شامل ہوکر اپنی انجینئرنگ کی پڑھائی مکمل کی تھی،انہیں عنقریب میجرکے عہدے پر ترقی ملنے والی تھی۔کیپٹن پرانجل کی حال ہی میں شادی ہوئی تھی اور ان کی بیوی بنگلورومیں پوسٹ گریجویشن کی تعلیم مکمل کررہی تھی۔آج صبح جموں کے راجوری ضلع میں دہشت گردوں کے ساتھ مڈبھیڑ ہورہی تھی،اس دوران کیپٹن پرانجل کےجسم پر کئی گولیاں لگیں،جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوئے،اسپتال لے جانے سے قبل ہی ان کی موت واقع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کے دن ان کی لاش بنگلورولائی جائیگی،جہاں پر انہیں سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات اداکئےجائینگے۔
