بنگلورو:۔ ریاستی حکومت نے گھر گرہستی کی ذمہ دار خواتین کو معاشی امداد کے طور پرگرہہ لکشمی کے نام سے جو ماہانہ 2000 ہزار روپے وظیفہ اسکیم جاری کی ہے، اس کے شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئےریاست بھر میں سرکاری ملازمین کی بیویوں کے علاوہ ٹیکس دہندہ شوہروں کی بیویوں کی طرف سے موصولہ 50 ہزار سے زائد درخواستوں کو نامنظور کیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ گرہہ لکشمی اسکیم سے مستفیض ہونے کیلئے اسکیم کے ضوابط کے مطابق شوہر یا بیوی کا ٹیکس دہندہ نہ ہونا اور ان کی سالانہ آمدنی سات لاکھ روپے سے زیادہ نہ ہونا بھی لازمی ہے ۔ مگر محکمہ بہبودی خواتین و اطفال کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق گرہہ لکشمی سے استفادہ کے لئے موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے دوران درخواست گزاروں اور ان شوہروں کے بینک اکاونٹس اور پین کارڈ کا معائنہ کرنے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ سرکاری ملازمین کی بیویوں کے علاوہ ٹیکس ادا کرنے والے شوہروں کی بیویاں بھی درخواست گزاروں میں شامل ہیں ۔ لہٰذا ایسی درخواستوں کو مسترد کر دیا گیا ہے ۔مذکورہ محکمہ کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک گرہہ لکشمی اسکیم کے تحت 1.28 کروڑ خواتین نے اپنا نام رجسٹر کروایا ہے ۔ ان میں سے 1.10 کروڑ سے زائد خواتین کو 2000 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ جاری کیا گیا ہے ۔ ریاستی وزیر لکشمی ہیبالکر نے بتایا کہ ایک ہفتے کے اندر گرام پنچایت اور میونسپالٹی کی سطح پر لوک عدالت منعقد کرکے گرہہ لکشمی اسکیم کے فائدہ اٹھانے کے لئے خواتین کو درپیش مسائل حل کیے جائیں گے ۔ گزشتہ تین مہینوں کی جو قسطیں ادا ہونا باقی ہے ، ان سب کو ملا کر ایک ساتھ 6 ہزار روپے خواتین کے اکاونٹ میں جمع کروانے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔
