جس طرح سے ہبلی عیدگاہ میدان میں یڈیورپا نے پرچم لہرایاتھا،اسی طرح سے وجیندرابھی محنت کریں:اشوک

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔بی جے پی کے نومنتخب صدر بی وائی وجیندراکو آج ان کے آبائی اسمبلی حلقے شکاری پورمیں تہنیت پیش کی گئی ،اس موقع پر بی جے پی کےاپوزیشن لیڈر آرا شوک نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح سے یڈی یورپانے ہبلی کے عیدگاہ میدان میں پرچم لہرایاتھا،اُسی طرح سے بی وائی وجیندرابھی کام کریں۔بی جے پی صرف شہر وں تک محدودنہ ہو بلکہ گائوں گائوں تک بی جے پی کی پہنچ مضبوط ہو۔کانگریس پارٹی نے گیارنٹیوں پر جو رقم خرچ کی ہے اس کی وجہ سے آج اسکول اوراسپتال بننے کیلئے بھی پیسے نہیں ہیں،حکومت خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی کام انجام دینے سے قاصرہے،245 میں سے236 تعلقہ جات کو خشک سالی سے متاثرہ علاقے قرار دئیے گئے ہیں،لیکن کانگریس حکومت یہاں ترقیاتی کام انجام دینے کے بجائے مرکزی حکومت کو موردِ الزام ٹھہرارہی ہے۔جس وقت بی جے پی حکومت ریاست میں تھی،اُس دوران اگر کہیں ٹرانسفرمر جل جاتاتو تین گھنٹوں میں ٹرانسفرمرتبدیلی کردیاجاتاتھا،لیکن کانگریس حکومت میں حالات بدترہوچکے ہیں۔کانگریس پارٹی اقتدارمیں آئے ہوئے چھ ماہ گذر ے ہیں،ایسے میں ان کا رُخ چھ سمت میں جارہاہے،پارٹی میں آپسی انتشارہے، جسے قابومیں لانے کیلئے باربار کانگریس کے نگران رندیپ سرجےوالاریاست کا دورہ کررہے ہیں۔نشست میں سورب اسمبلی حلقے کے سابق رکن اسمبلی کماربنگارپا غائب رہے،کل شیموگہ میں منعقدہ تہنیتی جلسے میں بھی کماربنگارپادکھائی نہیں دئیے،حالانکہ سورب تعلقہ کے بی جے پی صدر پرکاش نے شرکت کی تھی۔