چکمگلورو:۔ٹو وہیلر پر ہیلمٹ کے بغیر سواری کررہے ایک وکیل کو یہاں کے پولیس اہلکاروں نے نہایت بے دردی سے پیٹا،جس کی وجہ سے وکیل کو اسپتال میں داخل کیاگیاہے۔یہ واقعہ کل رات پیش آیاہے۔اس معاملے میں چکمگلوروسٹی پولیس تھانے کے پی ایس آئی مہیش پجاری سمیت چھ پولیس اہلکاروں کو سسپنڈکیا گیا ہے ۔ وکیل پریتم جمعرات کی رات کو بغیر ہیلمٹ سے مارکیٹ روڈ سے جارہے تھے،اس دوران پولیس اہلکاروں نے ان کی موٹربائک روک کر موٹر بائک کی چابی چھین لی،اس پر وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ میں نے غلطی کی ہے،اس کیلئے مجھے سزادیں لیکن چابی چھینا غیر قانونی ہے،یہ کہتے ہوئے پریتم اس واقعہ کی ویڈیو بنانے لگے۔اس کے بعد پولیس اہلکاروں نے پرتیم کوتھانے لے گئے اور انہیں کمرے میں بندکرتے ہوئے پائپ ،ڈنڈوں اور لاتوں سے پیٹنے لگے۔اطلاع پاکر موقع پر دوسرے وکلاء پہنچے اور پریتم کو تھانے سے لے جاکر اسپتال میں داخل کیا،پریتم کے سینے اور پیٹھ پر شدید زخم ہوئے ہیں۔اس معاملے کے بعد وکلاء نے تھانے کے بالمقابل احتجاج کرنے لگے اور قصوروار اہلکاروں کے خلاف اپنی برہمی کااظہارکیا۔احتجاج کے دوران پولیس کےا علیٰ اہلکار موقع پر پہنچے اور وکلاء کو خاموش کرنے کی کوشش کی۔اس تعلق سے پولیس سب انسپکٹر،اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت چھ پولیس اہلکاروں کے خلاف جان سے مارنے کی کوشش کا معاملہ درج کیاگیاہے اور انہیں سسپنڈکرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔اس معاملے کی جانچ کرنے کیلئے ڈی وائی ایس پی کو ہدایت دئیے جانے کی بات ایس پی وکرم آمٹے نے دی ہے۔اس واقعہ کی اطلاع پاکر آج ضلع کے مختلف علاقوں سے وکلاء اور بیرونی اضلاع کے وکیلوں نے چکمگلوروپہنچ کر اس معاملے کے تعلق سے خصوصی بیٹھک کی۔شہرمیں پولیس نےبڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔
