دہلی. بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمان ہرناتھ سنگھ یادو نے ملک میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے جمعہ کو راجیہ سبھا میں کہا کہ اس سے مسلم اور عیسائی خواتین کو ان کے حقوق مل سکیں گے۔ یادو نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران اسپیکر کی اجازت سے اٹھائے گئے مسائل کے دوران کہا کہ ملک میں تقریباً 10 کروڑ بہنوں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا ہے ۔ ان بہنوں کا تعلق مسلم اور مسیحی برادریوں سے ہے۔ مسلم اور عیسائی برادریوں کی خواتین کو طلاق، جائیداد اور گود لینے جیسے حقوق حاصل نہیں ہیں۔اس سے بعض اوقات ان کی زندگی مشکل ہوجاتی ہے۔ طلاق کی صورت میں یہ خواتین ہندو مذہب کی خواتین کی طرح مینٹیننس الاؤنس نہیں لے پاتی ہیں۔ خاندانی جائیداد میں بھی انہیں برابر کا حق حاصل نہیں۔ یہ خواتین ضرورت پڑنے پر بچوں کو گود لینے کے قابل نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تین طلاق اور حلالہ جیسی روایات کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان خواتین کے لیے بھی مساوی حقوق کا ضابطہ نافذ کرے۔ اس سے تمام ہندوستانی خواتین شہریوں بشمول ہندو، مسلم اور عیسائی برادریوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں گے اور سبھی عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کے حقدار ہوں گے۔
