شیموگہ:۔ ضلع میں ریت کی غیر قانونی نقل و حمل اور غیر قانونی کانکنی کو روکنے کیلئے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں ۔اس بات کی ہدایت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سیلوامنی نے دی ہے ۔انہوں نے متعلقہ افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں آگمبے، ہولور، کوڈلی، پورلے، ویسناہلی کے قریب کئی مقامات پر ریت کی غیر قانونی نقل و حمل کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں، محکمہ مائنز اینڈ جیالوجی، تحصیلدار، محکمہ پولیس کو مل کر کارروائیاں کرتے ہوئے مزید مقدمات درج کرکے جرمانہ عائد کریںاور مناسب کارروائی کی جائے ۔جن علاقوں میں ریت، مٹی اور کی غیر قانونی مائننگ اور نقل و حمل پائے جاتے ہیں وہاں پرگشت کرتے ہوئے ٹیم تشکیل دی جائے،اس طرح کی حرکتوں کو انجام دینےوالوں کے خلاف جرمانے عائدکرنے کی شرح میں اضافہ کیا جائے۔غیر قانونی کانکنی کو کنٹرول کرنے کیلئےٹرکوں میں جی پی ایس کے آلات کولازمی طور پر نصب کیا جانا چاہیے۔ ریت کی غیر قانونی کانکنی کو روکنے کے لیے تعلقہ ریت اسٹیورڈ شپ کمیٹی کو قواعد کے مطابق کارروائی کرنی چاہیے اور کی گئی کارروائی کی رپورٹ دینی چاہیے۔اس دوران سینئرماہر ارضیات نوین نے کہا کہ نومبر 2023-24 کے اختتام تک 23.32 کروڑ روپے بطور ٹیکس جمع کر کے ہدف کا 105 فیصد حاصل کر لیا گیا ہے،جبکہ محکمہ پولیس کی جانب سے 51.78 لاکھ روپے اور جرمانہ 19.11 لاکھ روپے وصول کیا گیا ہے۔
