شیموگہ:۔پڑوسی ریاستوں میں کوویڈ کی ذیلی اقسام کی اطلاع کے پس منظر میں، ہر کسی کو کوویڈ کے تعلق سےحفاظتی اقدامات پر عمل کرنا چاہیے اور تمام اسپتالوں میں کوویڈ کنٹرول کے لیے تمام ضروری تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے۔اس بات کی ہدایت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سیلوامنی نے دی ہے۔انہوں نے آج ضلع انتظامیہ کے دفتر ہال میں کوویڈ 19 پر قابو پانے کے لیے ضلع میں ضروری تیاریوں کے سلسلے میں متعلقہ حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں کو کوویڈ کی نئی قسم کے بارے میں زیادہ فکر نہیں کرنی چاہیے، ریاستی حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایات اور مشاورتی اقدامات پر عمل کیا جائے۔60 سال سے زیادہ عمر کے افراد، حاملہ خواتین، بچے اور دیگر شدید بیماریوں میں مبتلا افراد کو بیرونی علاقوں میں جاتے وقت ماسک لازمی پہننا چاہیے۔ تمام اسپتا لوں میں بیڈز، آکسیجن بیڈز، آئی سی یو، وینٹی لیٹر، آکسیجن، ایمبولینس، لیبارٹری، ضروری ادویات اور دیگر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ مطلوبہ تعداد میں ٹیسٹ چلانے کے لیے لیبارٹری اور آر ٹی پی سی آر کٹس تیار کی جائیں۔ تحصیلداراوراے سی کو چاہیے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والےاسپتالوں کا دورہ کریں اور کوویڈ کے تعلق سے وہاں کا معائنہ کریں۔ انہوں نے عہدیداروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ تمام اسپتالوں میں ماسک کو لازمی بنائیں اور سینیٹائزر رکھیں۔اس موقع پرڈی ایچ او ڈاکٹر راجیش سورگیہلی نے کہا کہ کوویڈ کے نئے ویئرینٹ کی شدت کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے اس لیے گھبرانے اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیںہے۔ ضلع میں 130 کوویڈ ٹیسٹوں کا ہدف دیا گیا ہے۔ یکم دسمبرسے 21 دسمبر تک مجموعی طور پر 554 کوویڈ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔میگان اسپتال میں 950 آکسیجن بیڈ ہیں جبکہ100 سے زیادہ آئی سی یو بیڈز، 80 وینٹی لیٹرز موجودہیں،وہیں تعلقہ اسپتالوں میں جملہ 1560 بستر، 250 آئی سی یو بستر، 140 وینٹی لیٹر بستر، 40 وینٹی لیٹر، 8 بی ایل ایس ایمبولینس، 4 اے ایل ایس ایمبولینس، 611 آکسیجن سلنڈر، 7 پی ایس اے پلانٹس ہیں۔ہر تعلقہ میں 50 جمبو سلنڈر، پی ایچ سی میں 15 سے 20 آکسیجن کنسنٹریٹر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے کیونکہ اسپتالوں میں تجربہ کار عملہ موجود ہے۔
