بنگلورو:۔کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) بسیں جو غیر معیاری ہوچکی ہیں،ایسی بسوں کو کباڑ(گجری) بھیجنے کے احکامات کرناٹکا ہائی کورٹ نے جاری کئے ہیں۔ ریاستی ہائی کورٹ نے سخت حکم جاری کیا ہے کہ ایسی بسوں کو کسی بھی وجہ سے شہری، دیہی یا دیگر راستوں پرسفرکیلئے دوبارہ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔جسٹس رام چندر ڈی ہدرا کی قیادت میں سنگل رکنی بنچ نے نومبر 2006 میں انکولہ میں پیش آئے ایک حادثے کے معاملے میں یہ اہم فیصلہ سنایا ہے، جس کے نتیجے میںکے ایس آر ٹی سی جو کباڑ کے لائق ہوچکی تھی،اس کی زد میں آکر دو طالب علموں کی موت ہو گئی تھی۔ہائی کورٹ نے آر ٹی او کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر سال فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرے کہ بسیں چلانے کے قابل ہیں یا نہیں، صرف آر ٹی او سے تصدیق شدہ بسوں کو ہی سڑک پرچلانے کی اجازت ہونی چاہیے۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ بسوں کا وقتاً فوقتاً معائنہ اور مرمت کی جائے۔بنچ نے ریاستی حکومت کے چیف سکریٹری، محکمہ ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سکریٹری اور کے ایس اے آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر کو ہدایت دی کہ وہ فیصلے میں دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل آوری کیلئے مناسب کارروائی کریں۔
