بنگلورو:۔ریاست میں جن مقامات پر اقلیتی طبقے کے لوگ کثیر تعدادمیں قیام پذیرہیں،اُن کالونیوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک ہزار کروڑروپیوں کا منصوبہ تیارکرنے کیلئے وزیر اعلیٰ سدرامیانے افسروں کو ہدایت جاری کی ہے۔انہوں نے آج اقلیتی بہبودی اور ہائوزنگ ڈیپارٹمنٹ کے ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیتے ہوئے کہاکہ ریاست میں اقلیتی طبقے کے لوگوں کی اکثریت جن علاقوں میں اُن کالونیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا منصوبہ تیارکریں۔اس دوران افسروں نے بتایاکہ اقلیتوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے مختلف منصوبوں کیلئے عرضی گذاروں کی تعداد توقع سے زیادہ ہے،جبکہ اقلیتی محکمہ میں فنڈس کی کمی ہے۔اس بات پر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ آئندہ بجٹ میں زیادہ فنڈس منظورکئے جائینگے۔راجیوگاندھی گرامین ہائوزنگ بورڈ سے پردھان منتری آواز یوجناکےتحت جن لوگوں نے مکانات حاصل کئے ہیں،اُن کی بقیہ قسطوں کوحکومت کی جانب سے اداکرنے کی بات وزیر اعلیٰ نے کہی ہے۔اس منصوبے کے تحت52189 لوگوں نے مکانات کیلئےمالی امدادحاصل کرچکے ہیں،تین لاکھ روپئے کی جو قسط مکانداروں کو اداکرنی تھی وہ رقم اب ریاستی حکومت ہی اداکریگی،اس کی تصدیق ریاستی وزیر برائے ہائوز و اقلیتی بہبودی ضمیراحمد خان نے دی ہے۔نشست کے بعد ریاستی وزیر ضمیراحمد نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ سال2013 میں ان مکانات کیلئے سہولت جاری کی گئی تھی،لیکن مکانداروں نے قسطوں کی ادائیگی کرنے میں دلچسپی نہیں دکھائی ہے او رکئی مکانات ادھورے ہیں،اس وجہ سے پردھان منتری آواز یوجناکے تحت بقیہ رقم منظوری کی جائیگی۔یہ مکانات5.7 لاکھ روپئے کے قرض سے تعمیر کئے جارہے تھے،جس میں4لاکھ روپئے کی رقم عرضی گذاروں کی جانب سے اداکی جانی چاہیے تھی،لیکن ان عرضی گذاروں نے محض ایک لاکھ روپئےاداکئے ہیں،اس وجہ سے بقیہ رقم بھی حکومت کی جانب سے اداکی جائیگی،جوکہ289 کروڑ روپئے کے قریب ہوگی۔سالِ رواں مختلف منصوبوں کے تحت تین لاکھ مکانات تعمیرکئے جارہے ہیں،ان میں سے31.1 لاکھ مکانات کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے،بقیہ69.1 لاکھ مکانات کی تعمیر سال2024 مارچ کے آخرمیں مکمل ہوگی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے اڈیشنل چیف سکریٹری ایل کے عتیق،فائنانس ڈیپارٹمنٹ کے سکریٹری پی سی جعفر،ہائوزنگ ڈیپارٹمنٹ کے سکریٹری نوین راج سنگھ،اقلیتی بہبودی کے سکریٹری منوج جین موجودتھے۔
