دہلی : حج 2024 کے لیے ملک کی تمام ریاستوں اور یونین ٹیرٹیریز سے تقریباً1لاکھ74ہزار ہندوستانی عازمینِ حج نے حج کمیٹی آف انڈیا کے توسط سے آن لائن درخواستیں جمع کی ہیں۔آج یہاں جاری ایک ریلیز کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب لیاقت علی آفاقی، آئی آر، ایس نے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے توسل سے حج کا کوٹہ 140025 مقرر ہے جو ملک کی تمام ریاستوں اور یونین ٹیرٹیریز میں مسلم آبادی کے تناسب سے تقسیم ہوتا ہے۔ متعینہ کوٹے سے زائد حج درخواستیں موصول ہونے والی ریاستوں میں جنوری کے آخر یا فروری کے پہلے ہفتہ تک کمپیوٹر کے زریعہ قرعہ اندازی کرانے کا امکان ہے ۔ آفاقی نے مزید بتایا کہ مہاراشٹرا، کیرالا، گجرات، اترپردیش اور کرناٹک میں بالترتیب سب سے زیادہ حج درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔ جبکہ بغیر محرم خواتین کی پانچ ہزار (5000) سے زیادہ اور ستر ( 70) یا اُس سے زائد عمر کے چھ ہزار تین سو (6300) عازمین حج نے درخواستیں بھیجی ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر، حج کمیٹی آف انڈیا نے اپیل کی کہ قرعہ میں منتخب شدہ عازمین کرام سفر حج اور فرائض حج کو آسان اور صحیح کرنے کے لیے ہر سطح پر منعقدہ حج تربیتی پروگرام اور کیمپ میں ضرور شرکت ہیں، تاکہ حکومتِ ہند و سعودی عرب کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کا پورا فائدہ اُٹھاتے ہوئے اپنے حج کو آسانیوں کے ساتھ مکمل کر یں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے امسال 150 عازمین پر ایک ٹرینر مقرر کیا ہے۔ جو حج کمیٹی آف انڈیا کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ حج تربیتی کیمپ میں تربیت حاصل کرنے کے بعد ریاستی حج کمیٹیوں کے تحت ضلعی سطح پر عازمین کو تربیت دینگے۔
