دنیا کا سب سے روشن سینہ وہ ہے جس میں قرآن کریم محفوظ ہے۔ دنیا کی سب سے مقدس سند حفظ قرآن کی سند ہے: ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر

انجمن اسلام جامعہ شادی محل شکاری پور میں جا معہ مد ینتہ العلوم کے طالب علم کے تکمیل حفظ قرآن کا جشن

شکاری پور:۔انجمن اسلام جامع مسجد شکاری پور میں مدرسہ مدینۃ العلوم کے طالب علم سیدریحان کے تکمیل حفظ کا بڑے عمدہ انداز میں جشن منایاگیا۔سیدریحان نویں کلاس کا طالب علم تھا، وہ اسکول میں بھی اچھا طالب علم سمجھاجاتا تھا۔ اللہ نے اسے توفیق عطا فرمائی اور اس نے طے کیا کہ ایک سال کے لیے اسکول کی تعلیم روک کرحفظ مکمل کرلوں، چونکہ اس کا ارادہ نیک تھا اس لیے اللہ نے برکت عطا کی اور اس طالب علم نے صرف دس مہینے میں حفظ مکمل کرلیا۔ اس جشن تکمیل حفظ کے موقع سے انجمن اسلام جامع مسجد شادی محل میں شہر کے دیندار حضرات اور خواتین کافی تعداد میں جمع ہوئے۔ علماء، ائمہ اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ جبکہ انجمن اسلام کے سبھی عہدے داروں، اراکین اور عمائیدین نے بھی شرکت کی۔ اس جشن کی خاص خوبی یہ تھی کہ طالب علم کا آخری درس قرآن اس کے استاد حافظ عارف اللہ نے بہت سارے علماء اور مدرسہ مدینۃ العلوم شکاری پور کے طلبا کے سامنے شادی محل میں ہی سنا۔ لوگوں نے بچے کی قرأت کا لطف لیا۔اس جلسے میں شرکت کرنے والے سبھی اساتذہ طلبا اور شہر شکاری پور کے حضرات وخواتین کا مدرسہ مدینۃ العلوم کے مہتمم مولانا اظہر ندوی نے استقبال کیا۔ اور بچے کے روشن مستقبل کی دعاکی اور بچے کے والدین اور اس کے خاندان والوں کو مبارکباد پیش کی۔ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی صدر انجمن اسلام شکاری پور نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس میں شبہ نہیں ہے کہ بچوں نے اس سے بھی کم عرصے میں حفظ مکمل کیاہے۔ مگر سیدریحان نے شکاری پور میں دس ماہ میں حفظ مکمل کرکے ایک تاریخ بنائی ہے۔ یہ بات نہایت اطمینان بخش اور قابل داد ہے کہ اسکول کے ایک بچے نے ایک سال کی چھٹی لی اور صرف دس ماہ میں حفظ مکمل کرکے سبھوں کو حیران کردیا۔ اللہ ا س کے علم اور صحت میں برکت عطا کرے۔ دنیا کا سب سے روشن سینہ وہ ہے جس میں قرآن کریم محفوظ ہے۔ دنیا کی سب سے مقدس سند حفظ قرآن کی سند ہے۔انجمن اسلام جامع مسجد شادی محل میں اب تک کئی طرح کے جشن منائے جاچکے ہیں مگر یہ پہلا متبرک جشن ہے جو جشن تکمیل حفظ قرآن کے طور پر منایاجارہا ہے۔ جو اس شادی محل کے ساتھ ساتھ پورے شہر شکاری پور کے لیے قابل مبارکباد ہے ۔ اس بچے کے والدین اہل خاندان اور دوست احباب سبھی مبارکباد کے حقدار ہیں۔ یہ بچہ ایک مثال ہے، مجھے یقین ہے کہ اس بچے سے متأثر ہو کر دوسرے بچے بھی اپنی عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کی فکر کریں گے اور نام کمائینگے۔رمضان المبارک کی آمد آمدہے۔ رمضان کا مہینہ قرآن کا مہینہ ہے، سیدریحان کی شکل میں ان کے سارے اہل خانہ اور اساتذہ قرآن کے حفظ کے ساتھ شہر رمضان میں داخل ہورہے ہیں ۔ سیدریحان کے تکمیل حفظ نے پورے شہر کو خوشیوں سے بھر دیااس لیے پورے شہر شکاری پور کے لوگوں نے دل سے اس بچے کا اعزاز کیا اور اس کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس خاص موقع سے انجمن اسلام شکاری پور کے نائب صدر حبیب اللہ نے اپنی تقریرمیں کہا کہ یہ بات نہایت خوشی اور مسرت کی ہے کہ پھلوں کے تاجر کے فرزندنے اللہ کے فضل سے کم سے کم عرصے میں حفظ مکمل کرکے ایک نیارکارڈ بنایا۔ ہم ان کے اہل خانہ، اساتذہ اور ان کے چاہنے والوں کو مبارکباد دیتے ہیں۔ اور ان کے روشن مستقبل کی دعائیں کرتے ہیں۔ یہ جلسہ مولانا محبوب کے شکریہ کے ساتھ اختتام کو پہونچا۔