پیرامیڈیکل اسٹاف میڈیکل سائنس میں ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہیں : ڈاکٹر دھننجئے سرجی
شیموگہ : گلوبل پیرامیڈیکل کالج کے سالانہ جلسے اور گلوبل نرسنگ کالج کی افتتاحی تقریب میں کرناٹکا اسٹیٹ الائیڈ اینڈ ہیلتھ کیئر پرفیشنز کائونسل کے ریاستی چیرمین یو ٹی افتخار علی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ موجود دور میں پیرا میڈیکل اسٹاف کی مانگ تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے اور دنیا میں جس تناسب کے ساتھ پیرامیڈیکل اسٹاف کی ضرورت ہے وہ ضرورت پوری نہیں ہورہی ہے ۔ آج بھارت میں ہی لاکھوں کی تعداد میں اسٹاف کی ضرورت ہے جس کے لئے اب حکومت ہند بڑی تعداد میں نوجوانوں کو اس شعبے میں آنے کی ترغیب دے رہی ہے ۔ شیموگہ میں اب تک میڈیکل اور ڈینٹل کالجس موجود تھے لیکن اب پیرا میڈیکل اور نرسنگ کا لجوں کا آغاز ہورہاہے جو کہ خوش آئند بات ہے ۔ گلوبل پیرا میڈیکل اور نرسنگ کالج کے بانی ڈاکٹر عرفان ہیچ بی نے جس تیزی کے ساتھ انکے اسپتال میں ادارے قائم کئے ہیں یہ قابل ستائش ہے ، ان کالجوں کا قیام کرتے ہوئے انہوںنے اپنی دلچسپی و سنجیدگی مظاہرہ کیاہے ۔ مہمان خصوصی یم یل سی ڈاکٹر دھننجے سرجی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیرا میڈیکل اسٹا ف میڈیکل سائنس کی ریڑھ کی ہڈی ہیں جس طرح سے ڈاکٹروں کی ذمہ داری ہوتی ہے اس سے کہیں زیادہ ذمہ داری کا کام نرسنگ اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی ہوتی ہے۔ پیرامیڈیکل اسٹوڈینٹس صرف روزگار حاصل نہیں کرسکتے بلکہ وہ نئی ایجادات میں بھی اہم کردار ادا کرسکتےہیں ، میڈیکل سائنس میں کئی ایجادات نرسنگ اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے کی ہے ۔ آنے والے دنوں میں پیرا میڈیکل اسٹاف کی مانگ مزید بڑھنے والی ہے اس سے صحت کے مسائل کافی حد تک حل ہوسکتےہیں ۔ یم یل سی بلقیس بانو نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلوبل پیرامیڈیکل کالج نے کم وقت میں جس طرح سے ترقی کی ہےوہ شیموگہ کے لئے فخر کی بات ہے اور ہمیں توقع ہے کہ یہ ادارہ مزید ترقی کریگا ۔ یم یل اے چنبسپا نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ کوئی بھی تعلیمی ادارہ خاص مذہب یا ذات کے لئے مخصوص نہ ہو بلکہ ان اداروں سے تمام استفادہ کریں ۔ اس سے قبل نرسنگ کے طلباء نے حلف برداری لی جبکہ پیرامیڈیکل کورس کے کامیاب ہونے والے طلباء کو اسناد تقسیم کئے گئے ۔ تمام مہمانوں کو تہنیت پیش کی گئی۔اسٹیج پر گلوبل گروپ آف انسٹی ٹیوشن کے فائونڈ چیرمین کے بی بشیر احمد ، سونا گروپس کے یم ڈی اقبال حبیب سیٹھ ، سبوڈا صدر ہیچ یس سندریش، سابق کارپوریٹر ہیچ سی یوگیش موجود تھے ۔ اسپتال کے مینجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر عرفان احمد ہیچ بی نے مہمانوں کا استقبال اور تعارف پیش کیا ۔ شکریہ اڈمنسٹریٹرتاج پیر نے ادا کیا ۔ ڈاکٹر صفوان علی خان نے گلوبل گروپ آف انسٹی ٹیوشن کا تعارف پیش کیا ۔ تسمیہ خانم نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔
