شیموگہ:- معروف ماحولیاتی کارکن ‘ تِمّکّا کے انتقال کے بعد اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کا حکم نامہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا، مگر حکومت نے اسے مکمل طور پر جعلی قرار دیا ہے۔ اس جعلی نوٹیفکیشن کی وجہ سے اساتذہ، لیکچررز اور عوام میں بڑے پیمانے پر الجھن پیدا ہوئی، کیونکہ کئی عوامی نمائندوں نے بھی اسے سچ مان کر شیئر کیا تھا۔حکومت نے تِمّکّا کے انتقال پر سرکاری سطح پر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی، مگر تعلیمی اداروں میں چھٹی کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔وائرل ہونے والا جعلی حکم نامہ دراصل سابق وزیر اعلیٰ ایس ایم کرشنا کے انتقال کے موقع پر جاری کیے گئے اصل نوٹیفکیشن میں تبدیلی کرکے پھیلایا گیا ہے۔ شرپسند عناصر نے اس نوٹیفکیشن کو ایڈٹ کرکے سوشل میڈیا میں گردش میں ڈال دیا، جسے کئی لوگوں نے اصلی سمجھ لیا۔حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ اسکولوں اور کالجوں میں کل کسی قسم کی رخصت نہیں ہے اور اس حوالے سے پھیلا ہوا نوٹیفکیشن سراسر بے بنیاد ہے۔
