از:۔ٓفتاب عالم ؔ شاہ نوری ۔بلگام کرناٹک۔8105493349

کامیابی ان لوگوں کے قدم چومتی ہے جو خلوص، دیانت، محنت اور فرض شناسی کو اپنا شعار بناتے ہیں۔ سی پی آئی امتیاز شبیر احمد پٹیل صاحب 31 جولائی 2025 کو اپنے شاندار اور مثالی سرکاری سفر کو مکمل کر کے باعزت ریٹائرمنٹ حاصل کر رہے ہیں، پورا کروشی گاؤں اپنے اس سپوت پر فخر محسوس کر رہا ہے اور ان کی خدمت کو خراجِ تحسین پیش کر رہا ہے۔
امتیاز پٹیل صاحب کی زندگی ایک مثالی اور باہمت زندگی ہے۔ آپ کی ابتدائی تعلیم اردو میڈیم اسکول کروشی میں ہوئی، جو خود اس بات کا مظہر ہے کہ اردو زبان ذریعہ? تعلیم ہوتے ہوئے بھی انسان بلندیاں چھو سکتا ہے۔ ابتدائی تعلیم کے بعد انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی، اور پھر وطن کی خدمت کا جذبہ لے کر انڈین ایر فورس Indian Air Force میں شامل ہو گئے۔ برسوں تک انہوں نے دیانت، بہادری اور وفاداری کے ساتھ مسلح افواج میں اپنی خدمات انجام دیں۔
فوجی ملازمت کے بعد بھی ان کے ارادے تھکے نہیں، بلکہ انہوں نے کے پی ایس آئی کا مقابلہ جاتی امتحان کامیابی سے پاس کیا۔ یہ کامیابی اس بات کی دلیل ہے کہ امتیاز صاحب صرف جسمانی طور پر ہی نہیں بلکہ علمی و فکری لحاظ سے بھی بلند مرتبہ شخصیت ہیں۔ ان کی تعیناتی بحیثیت پولیس سب انسپکٹر (PSI) ہوئی، اور انہوں نے محکمہ پولیس میں بھی اپنی محنت، ایمانداری، فرض شناسی اور شفاف کردار سے نمایاں مقام حاصل کیا۔ اپنی انتھک کوششوں اور قابلیت کی بنیاد پر وہ ترقی پا کر سی پی آئی (Circle Police Inspector) کے عہدے تک پہنچے۔اپنی پوری سرکاری زندگی میں امتیاز شبیر پٹیل صاحب نے قانون کی بالادستی، عوام کی خدمت، اور انصاف کی فراہمی کو اپنا نصب العین بنایا۔ ان کی دیانتدارانہ خدمات کے باعث نہ صرف کرناٹک کا محکمہ پولیس بلکہ عوامی حلقوں میں بھی ان کا گہرا احترام پایا جاتا ہے۔ ایسے افسران نایاب ہوتے ہیں جو اپنی شخصیت سے ادارے کا وقار بلند کرتے ہیں، اور امتیاز صاحب بلاشبہ انہی میں سے ایک ہیں۔
آج جب وہ اپنے فرائض کی تکمیل کے بعد باعزت طور پر ریٹائر ہو رہے ہیں، ہم کروشی گاؤں کے تمام باشندوں کی طرف سے ان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان کی زندگی نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے کہ اگر جذبہ، محنت اور خلوص ہو تو کوئی بھی منزل دور نہیں۔ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کو بھی صحت، خوشیوں، عزت اور سکون سے بھر دے۔ اور وہ سماج کی فلاح و بہبود کے کاموں میں اسی جوش و خروش سے حصہ لیتے رہیں۔سی پی آئی امتیاز شبیر احمد پٹیل صاحب کو ریٹائرمنٹ مبارک ہو۔۔۔!
پنشن ہوگئی ہے کیا بات ہے اپنی
اب دن بھی ہے اپنا اور رات بھی اپنی
