بھدراوتی: شوہر کے قتل کے ہولناک مقدمے میں عدالت نے بیوی اور اس کے عاشق کو سزائے موت جبکہ تیسرے ملزم کو سات سال قید کی سزا سنائی ہے۔ یہ فیصلہ شہر کی چوتھی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اندیرا مائلَسوامی چیٹّیار نے ہفتہ کے روز سنایا۔تفصیلات کے مطابق لکشمی نامی خاتون بھدراوتی کے جنناپور علاقے میں کرایے کے مکان میں رہتی تھی۔ اس کا شوہر امتیاز، جو سرکاری پرائمری اسکول میں استاد تھا، اکثر سورب سے یہاں آتا جاتا تھا۔ اسی دوران لکشمی کے بچپن کے دوست کرشنامورتی سے اس کے تعلقات استوار ہوئے جس پر امتیاز اپنی بیوی کو بارہا سمجھاتا رہا۔7 جولائی 2016 کی رات دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس پر لکشمی نے اپنے دوست کرشنامورتی کے ساتھ مل کر لوہے کی راڈ سے وار کرکے امتیاز کو قتل کر دیا۔ بعد ازاں ایک اور ساتھی شیو راج کی مدد سے لاش کو بھدرا ندی میں پھینک دیا گیا۔قتل کے اگلے دن لکشمی نے خود امتیاز کے بھائی کو فون کرکے واقعے کا اعتراف کیا اور بتایا کہ غصے میں آکر اس نے شوہر پر وار کیا اور پھر کرشنامورتی و شیوراج کی مدد سے لاش کو دریا میں ڈال دیا۔ اس پر امتیاز کے بھائی نے پولیس میں مقدمہ درج کرایا۔پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں چالان پیش کیا۔ مقدمے کی سماعت کے بعد عدالت نے لکشمی اور کرشنامورتی کو قتل کے الزام میں سزائے موت اور 13 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ اس میں سے 10 لاکھ روپے مقتول کی والدہ کو معاوضے کے طور پر دیے جائیں گے جبکہ بقیہ 3 لاکھ روپے بطور جرمانہ جمع کرائے جائیں گے۔تیسرے ملزم شیوراج کو لاش چھپانے اور شواہد مٹانے کی کوشش کے جرم میں 7 سال قید کی سزا سنائی گئی۔سرکاری جانب سے سرکاری وکیل رتنمّا پی نے مقدمے کی پیروی کی۔
