دہلی:۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) ، جو ملک کی اعلیٰ ڈاکٹروں کی تنظیم ہے ، نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کوویڈ کے خلاف جنگ میں نرمی نہ کریں۔ تنظیم نے متنبہ کیا ہے کہ کوروناکی تیسری لہر قریب ہے۔ تنظیم نے اس مشکل وقت میں ملک کے مختلف مقامات پر عہدیداروں اور لوگوں کی طرف سے کی جانے والی بداحتیاطی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ آئی ایم اے نے ایک انتباہی لہجے میں کہا کہ جدید طبی برادری اور سیاسی قیادت کی تمام کوششوں کی وجہ سے ملک کورونا وبا کی مہلک دوسری لہر سے آزاد ہوچکا ہے ، لہٰذا ہمیں لاپرواہ نہیں رہنا چاہیے۔آئی ایم اے کی پریس ریلیزمیں کہاگیاہے کہ دستیاب ثبوتوں اور کسی بھی وبا کی تاریخ کے پیش نظر یہ کہا جاسکتا ہے کہ تیسری لہر ناگزیر اور قریب ہے۔ تاہم یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ حکومت اور عوام ، ملک کے بیشتر حصوں میں مطمئن ہوگئے ہیں اوربڑی تعداد میں لوگ جمع ہو رہے ہیں۔ ان جگہوں کو کھولنا اور لوگوں کو وہاں ویکسینیشن کے بغیر بڑے پیمانے پر جمع کرنا کورونا کی تیسری لہر کو پھیلانے کا باعث بن سکتا ہے۔
