دہلی :۔ مرکزی سرکار نے ایک بار پھر اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے کے لئے مستعد رہیں۔ وزارت صحت نے جمعہ کے روز کہا کہ آنے والے 100-125 دن بہت اہم ہوں گے ۔ خیال رہے کہ پی ایم مودی نے بھی لوگوں سے کورونا اصولوں پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ مرکز نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ملک میں کوروناکیسزمیں کمی کی شرح میں کمی آئی ہے اور اسے تیسری لہر کی ممکنہ انتباہ کے طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے۔نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر وی کے پال نے کہا کہ کرونا کی تیسری لہر کے بارے میں بات کی جارہی ہے کیوں کہ ہارڈ ایمونیٹی پر نہیں پہنچے ہیں ، بڑی آبادی میں انفیکشن کا خطرہ ہے۔ ہم انفیکشن کے راستے قوت مدافعت تک نہیں پہنچ رہے ہیں ،کیسوں میں کمی کی رفتار سست ہوگئی ہے ، کرونا کی صورتحال ابتر نہ ہوں اس لئے کرونا ضابطہ پر عمل کی سخت ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سو دن سے لے کر ایک سو پچیس دن بہت اہم ہیں ،اس لئے سب کو ہوشیار رہنا ہوگا اور کرونا اصول پر عمل کرنا ہوگا ۔انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں کرونا وائرس کے معاملات میں کمی کی رفتار کم ہوئی ہے اور یہ کمی ہمارے لئے خطرہ کی گھنٹی ہے۔ ڈاکٹر وی کے پال نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے اعداد و شمار کی بنیاد پر تجزیہ کیا ہے اور بتایا ہے کہ دنیا تیسری لہر کی طرف گامزن ہے۔ وی کے پال نے عالمی ادارۂ صحت کے نام نہاد اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتہ میں اسپین میں 64 فیصدمعاملات میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح نیدرلینڈ میں کرونا کیسز میں 300 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی وارننگ عالمی وارننگ ہے ، ہمیں اسے سمجھنا ہوگا اور ضروری احتیاط اپنانے ہوں گے ۔
