وزیر داخلہ استعفیٰ دیں،مودی کے کردارکی بھی ہوجانچ: راہل گاندھی کامطالبہ
دہلی:۔ سابق کانگریس صدر راہل گاندھی نے اسرائیلی اسپائی ویئر پیگاسس کو استعمال کرتے ہوئے متعدد ممتاز ہندوستانی شخصیات کی جاسوسی کوغداری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کو استعفیٰ دینا چاہئے اور سپریم کورٹ کی زیر نگرانی تحقیقات ہونی چاہئے ۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ پیگاسس کااستعمال ہندوستانی ریاست اور اداروں کے خلاف کیا گیا اور یہ لوگوں کی آواز پر حملہ ہے۔راہل گاندھی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب وجے چوک پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پیگاسس ایک ہتھیار ہے جو دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف استعمال ہوتا ہے، ہمارے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے اسے ہندوستانی اداروں اور جمہوریت کے خلاف استعمال کیا، میرا فون ٹیپ کیا، یہ میری رازداری کی بات نہیں ہے، میں اپوزیشن لیڈر ہوں اور میں لوگوں کی آواز بلند کرتا ہوں، یہ لوگوں کی آواز پر حملہ ہے۔انہوں نے دعویٰ کیاکہ رافیل کیس کی تحقیقات روکنے کے لئے پیگاسس کا استعمال کیا گیا۔ نریندر مودی نے یہ ہتھیار ہمارے ملک کے خلاف استعمال کیا، اس کے لئے صرف ایک لفظ ’غداری‘ ہے۔راہل گاندھی نے کہاکہ وزیر داخلہ کو استعفی دینا چاہئے اور نریندر مودی کے کردارکی سپریم کورٹ کی نگرانی میں عدالتی جانچ ہونی چاہئے کیونکہ صرف وزیر اعظم اور وزیر داخلہ ہی اس کے استعمال کا حکم دے سکتے ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ ان کا فون ٹیپ کیاگیا ہے۔
