یڈی یورپانے دیا وزیر اعلیٰ کے عہدے استعفیٰ;نئے وزیراعلیٰ کی نامزدگی تک یڈی یورپانگران سی ایم ہونگے

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔کرناٹک کے چیف منسٹر بی ایس یڈی یورپا نے پیر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ گورنر تھاورچند گہلوت نے چیف منسٹر بی ایس یڈی یورپا کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے اور کہا ہے کہ اگلے چیف منسٹر کے حلف برداری ہونے تک نگراں چیف منسٹر کی حیثیت سے کام جاری رکھیں۔ اس سے قبل پیر کے روز اپنی حکومت کے 2 سال مکمل ہونے کی یاد میں منعقدہ پروگرام میں بات کرتے ہوئے چیف منسٹر بی ایس یڈی یورپا نے کہا کہ میں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یڈی یورپا گورنر سے ملنے راج بھون پہنچے جہاں انہوں نے اپنا استعفیٰ گورنر کو پیش کیا۔ذرائع کے مطابق بی جے پی جلد ہی کرناٹک میں مبصرین بھیجے گی۔ دریں اثناء بی ایس یڈی یورپا نگران چیف منسٹر رہیں گے۔ مرکزی پارٹی کی قیادت اور ریاستی پارٹی کی قیادت چیف منسٹر کے عہدے کیلئے اگلے چہرے پر تبادلہ خیال کریگی۔ اسی دوران استعفیٰ دینے کے اعلان کے بعد بی ایس یڈی یورپا نے کہا کہ پچھلے دو سالوں سے ریاست کی خدمت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔بی ایس یڈی یورپانے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کی عوام خصوصاً ان کے اپنے حلقہ شکاری پور کے عوام نے انہیں اپنے پانچ دہائیوں کے سیاسی کیریئر میں بے حد پیار اور محبتوں سے نوازا ہے۔انہوں نے اپنے دور اقتدار میں بھر پور حمایت اور تعاون دینے پر وزیر اعظم نریندر مودی،وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔یڈی یورپا نے اپنے استعفیٰ کا اعلان کرنے کے بعد صحافیوں سے کہاکہ مجھ پر استعفیٰ کیلئے کسی نے دباؤ نہیں ڈالا۔ میں دو سال مکمل ہونے پر اپنی مرضی سے عہدے سے دستبردار ہو رہا ہوں تاکہ کوئی دوسرا لیڈر یہ ذمہ داری سنبھال سکے۔ میں آئندہ انتخابات میں بی جے پی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کیلئے کام کروں گا۔ میری جگہ عہدہ سنبھالنے کے لئے میں نے کسی کا نام تجویز نہیں کیا۔یڈی یورپانے مزید کہاکہ بی جے پی ہائی کمان کے ذریعہ جسے بھی نیا وزیر اعلیٰ منتخب جائیگا ہم اس کی سرپرستی میں کام کرینگے اور میں اپنا صد فیصد وقت دوں گا اور میرے حامی بھی اپنا صد فیصد وقت دیں گے۔ لنگایت رہنما ءیڈی یورپانے کہا کہ ان کا ”واحد مقصد” ہے کہ وہ اگلے دو سال کیلئے سخت محنت کرینگے اور کرناٹک میں بی جے پی کو دوبارہ اقتدار میں لائینگے۔ یڈی یورپا نے بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری سی ٹی روی کے اس بیان سے اتفاق کیا کہ بی جے پی میں ہر ایک فردپارٹی کا کارکن ہے اور انہیں پارٹی کی ہدایت پر عمل کرنا چاہیے۔