بنگلورو:۔بی جے پی میںجہاں ایک طرف خاندانی سیاست کی مخالفت کی جاتی رہی ہے وہیں اب بی جے پی کے قدآوار لیڈران ہی خاندانی سیاست کو بڑھاوادے رہے ہیں،اس دفعہ سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپاکے بیٹے بی وائی وجیندراکی باری ہے۔کرناٹک کی سیاست میں بی ایس یڈی یورپاکا کردار اہم ماناجاتاہے ،قریب چالیس سال کی طویل سیاسی زندگی گذارنے کے بعد وہ پچھلے ہی ہفتے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں،لیکن وہ اب بھی شکاری پوراسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی ہیں۔ان کے بیٹے بی وائی راگھویندرا شیموگہ پارلیمانی حلقے کے رکن پارلیمان ہیں،ان کے دوسرے بیٹے بی وائی وجیندرا بھی انتخابی سیاست کا حصہ بننے کی پہل کررہے ہیں۔ہاویری ضلع کے ہانگل اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی سی ایم اُدہاسی کی موت کے بعد ہانگل اسمبلی حلقے کیلئے ضمنی انتخابات ہونے جارہے ہیں،ان انتخابات میں بی وائی وجیندرا کے امیدوار ہونے کے قوی امکانات ہیں۔حالانکہ بی وائی وجیندرا کیلئے کے آرپیٹ اور سرا اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخابات میں کام کرنےکاتجربہ ہے،اس بنیاد پر بی وائی وجیندراکاہانگل اسمبلی حلقے میں امیدوارہونا کم وبیش طئے نظرآرہاہے۔حالانکہ بی جے پی ہائی کمان کاکہناہے کہ اس سلسلے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں لیاگیاہے،مگر اس بات سے انکار بھی نہیں کیاجاسکتا۔
