دہلی:۔ حکومت نے پیر کو کہا کہ درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کے کسانوں سمیت کسانوں کے قرض معاف کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر مملکت برائے خزانہ بھاگوت کراڈ نے کہا کہ مرکز نے زرعی قرض معافی اور قرض سے نجات سکیم (اوائس)2008 کے بعد سے کوئی زرعی قرض معافی اسکیم نافذ نہیں کیا ہے۔ ملک میں پسماندہ ذات اور درج فہرست قبائل کے کسانوں سمیت کسانوں کے قرض معاف کرنے کے لیے حکومت ہند کے پاس کوئی تجویز زیر غورنہیں ہے۔کراڈ نے حکومت اور ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے کسانوں کے قرضوں کے بوجھ کو کم کرنے اور زراعت سے وابستہ لوگوں بشمول درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے بڑے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔انہوں نے 3 لاکھ روپے تک کے قلیل مدتی فصلی قرضوں کیلئے سود کی چھوٹ، ریزرو بینک کے گروی سے پاک زرعی قرضوں کی حد کو 1 لاکھ روپے سے بڑھا کر 1.6 لاکھ روپے اور کسانوں کو سالانہ 6000 روپے دینے کی بات کی۔
