56/انچ کے سینے والےوزیر اعظم کے پاس صحافیوں کے سوالات کا جواب نہیں ہے:ہری پرساد

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:(انقلاب نیوز):۔عام لوگوں کیلئے جو منصوبے بنائے جاتے ہیں انہیںحکومت اور وزیر اعظم میڈیاکے ذریعے سے عام لوگوں تک معلومات فراہم کرتےر ہے ہیں،لیکن پچھلے سات سالوں سے56/انچ کے سینے والےوزیر اعظم کے پاس صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے کا سینہ ہی نہیں ہے۔اس وقت بھارت میں چار وزراء کو چھوڑ کر کوئی بات کرنے والاہی نہیں ہے،بقیہ لیڈروں کی پہچان صرف تالیاں مارنے تک ہی محدودہے۔اس بات کااظہار کانگریس کے سینئرلیڈر بی کے ہری پرسادنے کیاہے۔انہوں نے یہاں کے پی سی سی دفترمیں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ لوک سبھا راجیہ سبھاکی کارروائیاں کس طرح سے انجام دی گئی ہیں یہ دیش دیکھ چکاہے۔ملک کی عوام کو گمراہ کرنے کیلئے بی جے پی نت نئی سازشیں بنارہی ہیں اور اپنی سہولت کے مطابق قوانین بنانے کیلئےایوان کی کارروائیاں چلارہی ہے۔انہوں نے بتایاکہ یوپی اے کی حکومت میں جب کوئی قانون عمل میں لایاجاناہوتا تو اُس وقت اُس مسودے پر بحث کیلئے پارلیمانی امورکی کمیٹی،جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے بحث کروائی جاتی،یوپی اے کے دورِ اقتدارمیں 71 فیصد مسودوں کو ان کمیٹیوںکی بحث کے بعد پارلیمان میں پیش کیاجاتاتھا،اس کے بعد یوپی اے 2میں 69 فیصد مسودوں پر بحث کی گئی،بحث کرنے کے بعد پارلیمان میں پیش کیاجاتاتھا،لیکن این ڈی اے کے دورِ حکومت میں پہلی مدت کے دوران 21 فیصد اور دوسری مدت میں14فیصد ہی مسودوں پر بحث ہوئی ہے،ایسے میں حکومت کی تانہ شاہی کے خلاف اراکین پارلیمان کےپاس احتجاج کرنے کے علاوہ اور کوئی چارا نہیں تھا،پارلیمان میں دیوے گوڈا اور شرد پائور جیسے سینئرلیڈران ہیں،کم ازکم ان کی باتوں کو عزت دیکرپارلیمان کی کارروائی کو اچھے طریقے سے انجام دیاجاسکتاتھا۔