افغانستان کے شہری اب صرف ای ویزا پر ہندوستان آ سکتے ہیں: حکومت

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:(انقلاب نیوزبیورو):۔تمام افغان شہری اب صرف ای ویزا پر ہندوستان کا سفر کرسکیںگے ۔ یہ اعلان مرکزی وزارت داخلہ نے کیا ہے۔ افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد یہ فیصلہ سکیورٹی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر تمام افغان شہریوں کو اب صرف ای ویزا پر ہندوستان کا سفر کرنا چاہیے۔ یہ فیصلہ وزارت نے ایسے وقت میں لیا ہے جب کچھ دن پہلے حکومت نے افغان شہریوں کے لیے ’ایمرجنسی اور دیگر ویزے‘ متعارف کروائے۔ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اور ’ایمرجنسی اور دیگر ویزوں‘ کے ذریعے ویزا کے عمل کو ہموار کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب تمام افغان شہری صرف ای ویزا کے ذریعہ ہی ہندوستان کا سفر کر سکیں گے۔وزارت داخلہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ کچھ افغان شہریوں کے پاسپورٹ غائب ہونے کی اطلاعات کے پیش نظر تمام افغان شہریوں کو جو اس وقت ہندوستان میں نہیں ہیں ان کو پہلے جاری کیے گئے ویزے فوری طور پر منسوخ کردئیے گئے ہیں۔ وزارت نے کہاکہ ہندوستان آنے کے خواہشمند افغان شہری ای ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ کام نئی دہلی میں کیا جائے گا۔مرکزی وزیر ہردیپ پوری نے کہا کہ اب کل 626 افراد جن میں سے 228 ہندوستان کے شہری ہیں ان کو افغانستان سے نکالا گیا ہے۔ ان لوگوں میں سے 77 افغانستان میں رہنے والے سکھ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی سفارت خانے میں کام کرنے والے لوگ اس میں شامل نہیں ہیں۔ ہندوستان نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ ان لوگوں کے لیے ہندوستان آنے میں سہولت فراہم کریگا جو افغانستان چھوڑنا چاہتے ہیں۔ اس میں افغانستان کے ہندوؤں اور سکھوں کو ترجیح دی جائے گی۔