دہلی:(انقلاب نیوزبیورو):۔بار کونسل آف انڈیا نے آج سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ وہ وکلا کی ہڑتال کو ختم کرنے کے لیے قوانین بنائے گی۔ اس کے تحت بغیر کسی معقول وجہ کے ہڑتال کرنے والے بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ ہڑتال کے لیے دوسرے وکلاء کو اکسانے یا دباؤ ڈالنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ بار کونسل کے اس جواب پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے اس معاملے کی سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی ہے۔دراصل یہ معاملہ اتراکھنڈ سے شروع ہوا تھا۔ جہاں درخواست گزار ایشور شانڈیلیہ نے ہائی کورٹ میں شکایت کی تھی کہ ریاست کے 3 اضلاع، دہرادون، ادھم سنگھ نگر اور ہریدوار کے وکلاء جب چاہتے ہیں ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں۔ایشور شانڈیلیہ نے اتراکھنڈ ہائی کورٹ میں ایک عرضی داخل کی تھی کہ 3 اضلاع دہرادون، ادھم سنگھ نگر اور ہریدوار کے وکلاء جب چاہیں ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں۔ ہفتہ کو خاص طور پر ہڑتال کا دن سمجھا جاتا ہے۔ گزشتہ35 سالوں سے وکلاء ہر ہفتہ کو عجیب وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے ہڑتال کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ درخواست میں بتایا گیا کہ بعض اوقات کسی وکیل کے رشتہ دار کی موت، شاعر کانفرنس کا انعقاد، ملک کے کسی بھی حصے میں زیادہ بارش جیسی چیزوں کی بنیاد پر ہڑتال کا اعلان کیا جاتا ہے۔درخواست گزار ایشور شانڈیلیہ نے ہائی کورٹ کو یہ بھی بتایا تھا کہ ہڑتال کے دن عدالتیں بیٹھتی ہیں، لیکن وکلاء کی عدم دستیابی کی وجہ سے سماعت ملتوی ہو جاتی ہے۔ اس کی وجہ سے جو لوگ اپنے مقدمات کی وکالت کے لیے دور دراز سے پہنچتے ہیں انہیں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہاں تک کہ عدالت کا ایک پورا دن ضائع ہو جاتا ہے۔معاملے کی سماعت کے بعد اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے 25 ستمبر 2019 کو پوری ریاست میں وکلاء کی ہڑتال کو غیر قانونی قرار دیا۔ یہ بھی کہا گیا کہ زیرییںعدالت کے ججوں کی جانب سے بائیکاٹ کے اعلان کی وجہ سے کیس کی سماعت ملتوی نہ کی جائے۔ اگر وکیل موجود نہ ہو تب بھی عدالتی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔ ایسا نہ کرنے والے ججوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی عدالت نے کہا تھا کہ پولیس عدالتوں کو مکمل سیکورٹی دے تاکہ کوئی بھی وکیل ہڑتال کے نام پر عدالتی کام میں رکاوٹ نہ ڈال سکے۔
