ناشر اسلام شیموگہ کی جانب سے تقسیم انعامات و اسناد

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:(انقلاب نیوزبیورو):۔ناشر اسلام شیموگہ کی جانب سے تقسیم انعامات و اسنادکا اختتامی اجلاس بمقام بی یم کے ٹیوٹوریل شیموگہ منعقد کیا گیا تھا۔ جلسہ کا آغاز حافظ عبداللطیف نے تلاوت کلام پاک سےکیا۔ ناشراسلام شعبۂ خواتین کی سکریٹری عربیہ بانو نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ سعیدہ بانو نے مہمانوںکا استقبال کیا۔ جلسہ کے مقرر خصوصی مفتی محمد ابرار الحق قاسمیؔ نے اپنی تقریر میںکہا کہ عورتوں کو دیندار بنانا موجودہ دور کی سخت ترین ضرورت ہے۔ہر شہر سے ہمارے لڑکے اور بالخصوص لڑکیاں کا مرتدہونے کی خبریں آتی رہتی ہیں۔ امت مسلمہ جن بڑے بڑے مسائل سے دوچار ہے ان میں سے ایک بڑا اور سنگین مسئلہ غیرمسلموں سے مسلم لڑکے اور لڑکیاں کا شادی کرنا ہےاور یہ فعل ایک مسلمان کومرتد بنادیتا ہے ۔ ہر دن اخباروں میں پڑھتے ہیں کہ فلاں مسلم لڑکا یا لڑکی نے فلاں غیرمسلم لڑکی یا لڑکے سے شادی کرلی ہےاور سب سے بڑی تعجب کی بات یہ ہے کہ مسلم لڑکے اور لڑکیاں اپنی خوشی سے ایسا کررہے ہیں اور انھیں اس پر ذرا بھی افسوس نہیں۔اورملک میں شر پسند عناصر ایجنڈے اورسازش کے تحت محبت کا جھانسہ دیکر مسلم لڑکیوں کواپنے چنگل میں پھسارہے ہیں۔ گھر واپسی کے نام پر مسلمان لڑکیوں کومرتد کرنےکی مکمل سازش چل رہی ہے۔ روز بہ روز ہزاروںمسلم لڑکیاں اس سازش کا شکار ہوتی نظر آرہی ہیں، جن کی زندگی تباہ و برباد ہورہی ہیں۔ اس کی ایک وجہ جہاں شر پسند تنظیموں کی گھناؤنی سازش ہے وہیں دوسری وجہ اباحیت پسندی، مغربی تہذیب کی اندھی تقلیدا ور عورتوں کی بے جاآزادی نے خوب بڑھاوا دیا ہے۔ سب سے بڑی وجہ ہماری نسل دین سے کوسوں دور ہے۔ نوجوان نسل کو دین کے معلومات فراہم کرنا اور دین دار بنانے کی اشد ضررت ہے۔ اس کے لئے تمام ملی و دینی اداروں کو آگے بڑھ کر آنا چاہئے اور ہماری نسل کو مرتد ہونے سے بچانے کیلئے منصوبے تیارکرے اور اس پر فوراً عمل کرناچا ہئے ۔ مقر ر خصوصی کی تقریر کے بعد حافظ عبداللطیف صاحب کو حضرت عبداللہؓ بن مسعود ایوارڈ سے نوازہ گیا۔بعد ازاں امسال ناشر اسلام میں سب سے اعلیٰ نمبرات حاصل کرنے والی پہلی معلمہ سحرکونین ۔ کے کو تہنیت پیش کی گئی۔یادرہےکہ ناشر اسلام کی جانب سے ماہ اپریل میں امتحانات منعقد کئے گئے تھے۔ اس امتحان میں اعلیٰ نمبرات حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو انعامات و اسناد سے نوازہ گیا۔ نظامت کی ذمہ داری ادارہ کے صدر بی یم عبدالقدیر قریشی نے سنبھالی۔ ناشر اسلام کے رکن منصور احمد سی آر پی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقعہ پر حافظ رفیق احمد، مشکور احمد، عبدالوسیم، مجیب اللہ، شبیر احمد، محمد عمران، حفیظ اللہ کے لئے علاوہ طلباو طالبات والدین اور اساتذہ موجود تھے۔