بھوپندر پٹیل نے گجرات کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کاحلف لیا

سلائیڈر نیشنل نیوز
گاندھی نگر: گجرات کے نومنتخب وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل نے  ریاست کے 17 ویں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ راج بھون میں منعقدہ تقریب میں گورنر آچاریہ دیو ورت نے انہیں گجراتی زبان میں حلف دلایا۔ انھوں نے تنہا ہی حلف لیا۔  اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کی حکمرانی والی چارریاستوں کے وزرائے اعلی،کرناٹک کے بسو راج بومئی، مدھیہ پردیش کے شیوراج سنگھ چوہان، گوا کے پرمود ساونت اور ہریانہ کے منوہر لال کھٹر موجود تھے۔ان کے علاوہ مرکزی وزرا من سکھ مانڈویہ، پرشوتم روپالا، بھوپیندر یادو، نریندرتومر، درشن بین سمیت بی جےپی کے کئی دیگر مرکزی رہنما، ریاست کے اراکین اسمبلی، اراکین پارلیمنٹ، سابق وزیراعلی وجے روپانی، سابق نائب وزیراعلی نتن پٹیل (جوکل شام راج بھون نہیں آئے تھے اور اسی وجہ سے ان کی ناراضگی کی قیاس آرائیاں تھیں) حکمراں بی جے پی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل بھی موجود تھے۔ سی آر پاٹل نے وزیراعلی کے حلف لینے سے پہلے نتن پٹیل کے گھر جاکر ان کا آشیرواد لیا تھا۔ پارٹی کے فیصلہ کے مطابق، صرف بھوپیندر پٹیل نے ہی حلف لیا۔