امریکہ: مسجد دھماکہ میں ملوث ملیشیا گروپ کے سربراہ کو 53 سال قید کی سزا

انٹرنیشنل نیوز سلائیڈر

نیویارک(نیوز ایجنسی):۔امریکی ریاست مِنیسوٹا Minnesota کے شہر میناپلِس کے باہر ایک مسجد میں 2017 میں دھماکے میں ملوث ہونے پر ملیشیا گروپ کے سربراہ کو 53 سال قید کی سزا سنادی گئی۔ دھماکے کی وجہ سے صومالی تارکین وطن کی برادری خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئی تھی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 50 سالہ ایمیلی کلائر ہری پر 5 ہفتے کے ٹرائل کے بعد دسمبر میں جرم ثابت ہوا تھا، مجرم پر منیسوٹا کے شہر بلومنگٹن میں واقع دارالفاروق اسلامک سینٹر میں پائپ دھماکے سے متعلق پانچ الزامات عائد کیے گئے تھے۔دھماکے کے وقت عمارت میں لوگ نماز فجر کے لیے موجود تھے لیکن واقعے میں کسی کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا تھا۔امریکی محکمہ انصاف نے بیان میں کہا کہ 50 سالہ ایمیلی کلائر ہری کو، جسے ماضی میں مائیکل ہری کے نام سے جانا جاتا تھا، 5 اگست 2017 کو بلومنگٹن میں واقع دارالفاروق اسلامک سینٹر میں دھماکے پر عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔امریکی ضلعی جج ڈونووان فرینک نے سزا سناتے ہوئے ایمیلی ہری کی جانب سے کیے گئے حملے کو دہشت گردی کا انتہائی منظم اور طے شدہ عمل قرار دیا۔ڈونووان فرینک کا کہنا تھا کہ تغیر پذیری ہمارے ملک کی طاقت ہے، اگر کوئی یہ نہیں سمجھتا تو وہ اس ملک کے آئینی عہد بھی نہیں سمجھتا جس کی وجہ سے متعدد لوگ یہاں ہیں۔