دہلی:۔ مرکزی حکومت کی جانب سے مارچ 2015 میں شروع کئے گئے ’معذور افراد کی ہنرمندی کے قومی ایکشن پلان‘ کے تحت اب تک تربیت حاصل کرنے والے امیدواروں میں سے صرف ایک تہائی اپنی روزی شروع کرنے میں کامیاب ہوسکے ہیں۔یہ معلومات معذور افراد کے تفویض اختیاراور سماجی انصاف کی وزارت کے اعداد و شمار سے ملی ہیں۔محکمے کی تفصیلات کے مطابق’معذور افراد کی ہنرمندی کے قومی ایکشن پلان‘ کے تحت اسکیم کے آغاز سے اب تک 1.27 لاکھ معذور افراد کو تربیت دی جا چکی ہے۔ تربیت کے بعد اب تک 41931 معذور افراد کو خود روزگار سمیت دیگر کاموں میں ملازمت ملی ہے۔اس طرح اسکیم کے تحت تربیت یافتہ امیدواروں میں سے صرف ایک تہائی روزی روٹی شروع کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ یہ اسکیم مارچ 2015 میں معذوروں کو خود کفیل بنانے کے لیے شروع کی گئی تھی، اس کیلئے مالی سال 2016-17 سے فنڈز شروع کئے گئے تھے اور اب تک 126 کروڑ روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔محکمہ کے ذرائع نے بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان کا کچھ عرصہ پہلے جائزہ لیا گیا تھا اور کچھ آپریشنل مسائل منظر عام پر آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نے نظام کو ہموار کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں، حالانکہ وبائی امراض پھیلنے کی وجہ سے کام متاثر ہوا ہے۔معذور افراد کی مہارت کی ترقی کی اس اسکیم کے تحت ملک بھر میں 1.27 لاکھ معذور افراد کو تربیت دی گئی۔
