بنگلور:۔سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا نے بی جے پی لیڈروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپوزیشن لیڈروں کے خلاف توہین آمیز تبصرے نہ کریں۔ یڈی یورپا نے ریاستی بی جے پی صدر نلین کمار کتیل کے تبصرے پر ناراضگی کا اظہار کیا جس میں انہوں نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز تبصرہ کیا تھا۔بی جے پی امیدوار کی انتخابی مہم کے لیے سندگی پہنچے یڈی یورپا نے کہا کہ کسی کو بھی کسی کے بارے میں اس طرح بات نہیں کرنی چاہیے۔ میں کتیل سے بات کروں گا اور پوچھوں گا کہ اس طرح کے بیان کے پیچھے کیا پس منظر تھا۔ اس نے ایسا کس بنیاد پر کہا؟ ایسے بولنے کی ضرورت نہیں تھی۔ یہ غیر ضروری تھا۔’ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی جیسے لیڈر کے خلاف کسی کو توہین آمیز باتیں نہیں کرنی چاہئیں۔ ان کی پارٹی کے کارکنان ان کا احترام کرتے ہیں۔ یڈی یورپا نے تاہم کتیل کے بیان کو ناپسند کیا۔ لیکن، ریاستی بی جے پی کے ترجمان گنیش کارنک نے ان کا دفاع کیا۔ کارنک نے کہا کہ راہل گاندھی پرکتیل کا بیان بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی کے انٹرویو پر مبنی تھا جس میں انہوں نے اس طرح کے دعوے کیے تھے۔
