شیموگہ:۔ ملک کےموجودہ حالات نہایت مشکل اور بہت پر فتن ہیں خصوصاً آج مسلم معاشرہ ان حالات کی زد میںہے ۔ ہر روز کسی نہ کسی صوبہ و شہر سے مسلمانوں پر ظلم و دل آزاری کی خبریں مل رہی ہیں، کہیں مسجدیں مسمار کی جا رہی ہیں تو کہیں مسلمانوں کی بستیوں کو جلایا جا رہا ہے اور کہیں طمع و لالچ کے ذریعہ قوم کی بچیوں کو ارتداد کی طرف دعوت دی جارہی ہے اور مختلف پروپیگنڈے کر کےخواتین امت کو مذہب بے زار بنایا جا رہا ہے اور سب سے سنگین معاملہ یہ ہے کہ مسلسل پیغمبر اسلام اور قرآن کے حوالے سے کھلے عام گستاخیاں کی جارہی ہیں۔ جیساکہ آپ تمام بخوبی واقف ہیں کہ گزشتہ کئی سالوں سے وسیم رضوی نامی باغی اسلام، مرتدو بد بخت تسلسل کے ساتھ اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف گستاخیاں کر رہا ہے، ابھی کچھ ماہ قبل اس نےقرآن پاک کی کچھ آیتوں کے خلاف بھی زہر افشانی کی تھی اور ملکی عدالت میں بھی قرآن مقدس کے خلاف ایک عرضی داخل کی تھی ۔ اس ناکامی و ذلت کے بعد اب اس شیطان نے نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس پر ایک ناپاک کتاب لکھی ہےجس میں اس نے صاف طور پر حضور اکرم ﷺ کی رسالت کا انکار کیا ہے اور حضور نبی اکرمﷺ اور ان کے مقدس صحابہ کےپاکیزہ کردار پر حملہ کیا ہےاور بہتان تراشیاں کی ہیں اور نہایت ہی نازیبا کلمات بکے ہیں اور سرے سے اسلام اور قرآن کا انکار کیا ہے اور اسلام و قرآن کے ماننے والوں کو دہشت گرد کہا ہے ۔ ایسے نازک و ناگفتہ بہ حالات میں مسلمانان ہند کودانشمندی اور ملی بیداری کا ثبوت دینا ہوگا ۔ آج وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے کہ پوری قوم اجتماعی طور پر قوت و طاقت کے ساتھ اس فتنے کے سد باب کے لیےصدائے احتجاج بلند کرے اورعملی اقدامات کے ذریعہ اس بات کا بھرپور ثبوت پیش کرے کہ ہم سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں لیکن اپنے نبی پاک ﷺ کی توہین اور گستاخی ہرگز برداشت نہیں کر سکتے۔وقت کی اسی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے مرکزی سنی جمعیۃ العلماء کمیٹی کےزیر اہتمام تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ عظمت قرآن کے حوالے سے بتاریخ 15/نومبر 2021ء بروز پیربوقت صبح ٹھیک گیارہ بجے بمقام مرکزی سنی عید گاہ میدان شیموگہ میںایک احتجاجی پروگرام رکھا گیا ہے جس میں ڈی سی کو میمورنڈم بھی پیش کیا جائیگا ۔لہٰذا تمام مسلمانوں سےپُرزور اپیل کی جاتی ہے کہ اس دن اپنے کاروبار بند کر کے اور تمام ضروریات کو چھوڑ کرکثیر تعداد میں اس احتجاجی پروگرام میں شرکت کرتے ہوئےاور اپنی غیرتِ ایمانی کا ثبوت پیش کریں۔
