کننور۔بنگلور ایکسپریس کی  5 بوگیاں پٹری سے اتریں؛کوئی جانی نقصان نہیں

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔کننور-بنگلورو ایکسپریس (ٹرین نمبر 07390) کے 5 ڈبے بنگلورو میں ٹوپورو-شیواڑی کے درمیان اچانک ایک پتھر گرنے کے بعد پٹری سے اتر گئے۔ ٹرین کی بوگی پٹری سے اترنے کے بعد افراتفری کا ماحول تھا، حالانکہ تمام 2348 مسافر محفوظ ہیں۔ یہ واقعہ جمعہ کی صبح 3.50 بجے پیش آیا۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ساؤتھ ویسٹرن ریلوے (SWR) کے حوالے سے بتایا کہ کسی جانی نقصان یا چوٹ کی اطلاع نہیں ہے۔ساؤتھ ویسٹرن ریلوے کے ذرائع کے مطابق جمعہ کی صبح 3.50 بجے پیش آنے والے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ ٹرین جمعرات کی شام 6.05 بجے کننور سے روانہ ہوئی تھی۔ساؤتھ ویسٹرن ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر انیش ہیگڑے نے کہا ہے کہ تمام 2348 مسافر محفوظ ہیں۔ کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ ساؤتھ ویسٹرن ریلوے کے مطابق چلتی ٹرین سے کئی پتھر ٹکرا گئے جس کے بعد پانچ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ بنگلورو ڈیوژنل ریلوے مینیجر شیام سنگھ سینئرعہدیداروں اور ڈاکٹروں کی ایک ڈیوژنل ٹیم کے ساتھ صبح 4.45 بجے ایک ایکسیڈنٹ ریلیف ٹرین (اے آر ٹی) پر موقع پر پہنچے تھے۔ اسی دوران تمل ناڈو کے ایروڈ جنکشن سے ایک ٹیم بھی اے آر ٹی پر موقع کے لیے روانہ ہوئی ہے۔انیش ہیگڑے، چیف پبلک ریلیشن آفیسر، ساؤتھ ویسٹرن ریلوے نے کہا، ”مسافروں کی سہولت کے لیے ٹوپور میں کل 15 بسوں کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ جائے حادثہ پر پانچ بسوں کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ مسافروں کے لیے کھانے پینے کا انتظام کیا گیا ہے۔”حادثے کے بعد، KSR بنگلورو-ارناکولم سپرفاسٹ اسپیشل جو صبح 6.10 بجے روانہ ہونے والی تھی، بائیپپناہلی، بنگارپیٹ اور تروپتر کے راستے موڑ دی گئی۔ ناگرکوئل جنکشن-کے ایس آر بنگلورو فیسٹیول اسپیشل، جو صبح 9.10 بجے پہنچنے والا تھا، اسے سیلم، تروپتر، بنگارپیٹ اور کے ایس آر بنگلورو کے راستے بھی موڑ دیا جائے گا۔ سیلم – یشونت پور ایکسپریس اسپیشل کی صبح 5.30 بجے سیلم سے روانگی تین گھنٹے کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔