دہلی:۔کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے وزیر اعظم نریندر مودی کے زراعت کے تینوں قوانین کو منسوخ کرنے کے فیصلے سے متعلق اعلان کو کسانوں اور اپنی پارٹی کی جیت قرار دیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ انتخابات کے پیچھے خوف کی وجہ تھی۔ حکومت یہ فیصلہ لینے پرمجبورہوئی۔ چدمبرم نے ٹویٹ کیاکہ جمہوری احتجاج سے کیا حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ وزیر اعظم کی طرف سے تینوں زرعی قوانین کو واپس لینے کا اعلان پالیسی میں تبدیلی اور دل کی گہرائی سے نہیں ہے بلکہ یہ فیصلہ الیکشن کے خوف سے لیاگیا ہے۔تاہم یہ کسانوں کے لیے ایک بڑی جیت ہے اور کانگریس پارٹی کی بھی جیت ہے جو ان قوانین کی سختی سے مخالفت کر تی رہی تھی۔کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے ٹویٹ کیاکہ پہلے پارلیمنٹ میں زبردستی قوانین کو پاس کرواتے ہیں۔ پھر غیر متوقع مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اور پھر اتر پردیش اور پنجاب میں الیکشن کا سامنا کرتے ہیں۔ بالآخر قوانین منسوخ کرتے ہیں۔ آخر کار کسان جیت گیا۔ میں اپنے کسانوں کی استقامت کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی نے زراعت کے تین قوانین کو واپس لینے کا اعلان کیا۔
