بنگلورو:۔حالات چاہے جس قدر متاثرہوں بہرصورت اوقافی املاک کاتحفظ اور ان کی ترقی لازم ہوناچاہئے۔ نیز وقف بورڈ کی جانب سے اتحاد بین المسلمین کے جذبہ کو ہمیشہ فروغ دینے کی کوشش ہونی چاہئے۔ محراب وممبر کا استعمال امت کو جوڑنے کے لیے ہو اور ہر طرح کے اختلافات سے وقف بورڈ کو بچایاجائے تاکہ مسلمانوں کے اس واحد معتبر ادارے کا تحفظ کیاجاسکے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل سنت کرناٹکا کے صدر مولانا سیدمحمدتنویر ہاشمی نے صوبائی وقف بورڈ کے نومنتخب چیرمین مولانا شافعی سعدی سے ملاقات کے دوران کیا۔ مولانا شافعی سعدی جماعت اہل سنت کرناٹکاکے دفترمیںالحاج ریاض خان صاحب رکن صوبائی وقف بورڈ کے ساتھ صدر جماعت اہل سنت کرناٹکاسے ملاقات کے لیے حاضر ہوئے۔ اس اہم ملاقات میں ریاستی وقف بورڈ کو درپیش کئی مسائل پر گفتگو ہوئی ،بالخصوص ائمہ مساجد ومؤذنین کی تنخواہوں میں اضافہ، اوقافی اداروںکا نامکمل سروے کو مکمل کرنا، ضلعی سطح پر اوقافی املاک کے تحفظ کے لیے اقدام کرنا، نیز اداروں کی کمیٹی میں پیداہونے والے اختلافات کوباہمی مشاورت سے حل کرنا، حتی المقدور انہیںکورٹ جانے سے گریز کرنے کی سعی کرنا اورپورے صوبہ میںاوقافی اداروں کی آمدنی مسلمانوں کی تعلیم اور صحت پر خرچ کرنا جیسے اہم امور پر تبادلۂ خیال کیاگیا۔ مولانا شافعی سعدی اور ریاض خان نے یقین دلایا کہ وہ پورے اخلاص کے ساتھ وقف بورڈ اورمسلمانان کرناٹکا کی خدمت کرتے رہیںگے۔ اخیر میںصدر جماعت نے دونوں حضرات کی گل پوشی کی اور دعائوں سے سرفراز فرمایا۔
