شیموگہ:۔کورونا کی دوسری لہر کا اثر اب آہستہ آہستہ بڑھنے لگا ہے اور کورونا پر قابو پانے کیلئے جہاںحکومت نے نئے رہنمائی خطوط جاری کئے ہیں وہیں سٹی کارپوریشن کی جانب سے کورونا سے محتاط رہنے کیلئےبیداری مہم چلائی جارہی ہے۔ حکومت نے نائٹ کرفیو اور ویک اینڈ کرفیو نافذ کیاہے ۔اسی کےساتھ کورونا کے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل پیرائی کرنے کی بھی تاکید کی ہے۔ اسی ضمن میں سٹی کارپوریشن کی جانب سے مئیر سونیتا انپا اور ڈپٹی مئیر شنکرگنی ، کمشنر چدانند وٹارے اوراسٹانڈ نگ کمیٹی کے صدر کی ایک ٹیم نے عوام میں ماسک پہننے اور دوری بنائے رکھنے کو لیکر خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے۔ مئیر سمیت تمام افسران نے شہر کے گاندھی بازار کا معائنہ کرتے ہوئے دوپہیہ گاڑیوں میں سوار لوگوں کو ، گاہکوں کو اور پیدل سوارافراد کو ماسک تقسیم کرتے ہوئے بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس کے علاوہ سٹی بس کے مسافروں کو بھی ماسک تقسیم کئے گئے ، اس دوران ایک بات غور طلب رہی کہ اکثرلوگو ں کے پاس ماسک موجود ہے لیکن وہ اپنے ماسک کو چہرے پر لگانے کے بجائے جیب میں رکھے ہوئے تھے۔ ایسے لوگوں کو بھی کارپوریشن کے نمائندوں نے بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔
