شیموگہ:۔ضلع کے بلدیاتی اداروں کےحدودمیں آنے علاقوں میں کئی دنوں سے جمع ہونے والے کچرے کوآنے والے مارچ 2023 کے اندر اندر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانےکیلئےجدیدٹیکنالوجی کااستعمال کرتے ہوئے اسے حل کیاجائے۔اس بات کی ہدایت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سیلو منی نےبلدیاتی اداروں کے سربراہوں اورانجینئروں کو دی ہے۔سوچھ بھارت مشن کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے گاڑیوں، مشینری اور انسانی وسائل کو اکٹھا کرنے کے لیے نیشنل گرین ٹریبونل آرڈر کی ہدایات پر عمل درآمد اور انتظامی منظوری اور تکنیکی منظوری دینے کیلئے منعقدہ نشست میں بات کرتے ہوئےکہا کہ بلدیاتی اداروں میں ضرورت کے مطابق مشینری پہلے ہی منگوائی جا چکی ہے، ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس خرید کر لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بعض مقامات پر یونٹس اور مشینوں کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ بجلی، افرادی قوت وغیرہ کی کمی کا کوئی بہانہ بنائے بغیر ان یونٹس میں نصب جدید ترین سالڈ ویسٹ ٹریٹمنٹ مشینوں کے ذریعے ماضی میں کئی دنوں سے جمع ہونے والے کوڑے کو تیزی سے ٹھکانے لگانے کے لیے کارروائی کریں۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ متعلقہ بلدیاتی اداروں کے چیف افسران ہفتے میں دو بار ذاتی طور پر سالڈ ویسٹ یونٹس کا دورہ کریں او ر جائزہ لیتے ہوئے اپنی رپورٹ درج کروائیں۔ شہر بھر میں کچرا اٹھانے کے کام پرانہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اس کے مناسب انتظام میں کوئی بہتری نہیں آئی اور یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ شہرمیں گزشتہ چند سالوں سے آوارہ گھوڑوں اور دیگر جانوروں کی آمدورفت زیادہ ہوچکی ہے جس سے ایک نیا مسئلہ پیش آیاہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ مویشی پالن کے حکام نے ان آوارہ جانوروں پر منظم طریقے سے قابو پانے کے لیے کیا اقدامات کیے جاسکتے ہیں اس کی جانچ پڑتال اور ان سے آگاہ کرنے کا مشورہ دیا۔مقامی اداروں میں کچرا اٹھانے والے عملے کی جانب سے کوڑا کرکٹ کو منظم طریقے سے نہ اٹھانے کی بہت سی شکایات عوام کی طرف سے آرہی ہیں۔ اس لیے اس کچرے کو منظم طریقے سے جمع کرنے سے پہلے انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ خشک اور سبز کوڑے کو الگ الگ اکٹھا کرنے کے لیے ضروری تربیت یا معلوماتی ورکشاپ کا اہتمام کریں اور جمع شدہ کوڑے کو بغیر ملاوٹ کے مقررہ جگہ پر جمع کریں۔
