حرم مکی میں بغیر سماجی فاصلہ کے نمازِ جمعۃ المبارک کی ادا ئیگی 

انٹرنیشنل نیوز سلائیڈر
ریاض :۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی  میں ڈیڑھ سال کے وقفے کے بعد آج سماجی فاصلے کے بغیر معمول کے مطابق نماز جمعہ ادا کی گئی۔سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے حرمین شریفین کی انتظامیہ کو بغیر سماجی فاصلہ نماز کی ادائیگی کیلئے خصوصی ہدایت جاری کی تھی۔انہوں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے حوالے سے عائد سماجی فاصلے اور تعداد کی پابندی کے خاتمے کے بعد جمعہ المبارک کی پہلی نماز کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں۔شیخ السدیس نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے نمازیوں کی سہولت کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم رب کریم کے شکر گزار ہیں کہ وبا آخری مراحل میں ہے اور اب حرمین شریفین میں نماز باجماعت معمول کے مطابق بغیر سماجی فاصلے کے ادا کی جارہی ہے۔ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلیٰ نے حرمین کے انتظامی امور سے تعلق رکھنے والے تمام شعبوں کے سربراہوں کو خصوصی ہدایت کی تھی کہ وہ نمازیوں اور عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں ،تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔