روزبروز بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف ضلع کانگریس کمیٹی کا احتجاج

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔دن بہ دن بڑھتی مہنگائی اور حدسے تجاویز کرگئی قیمتوں پر روک لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع کانگریس کمیٹی کے ذریعہ آج شہر میں پیدل احتجاجی ریالی نکالی گئی۔ مظاہرین نے بی ایچ روڈ پرشیوپا نائک کے مجسمہ سے مارچ شروع کرتے ہوئے، اے اے سرکل اور گوپی سرکل سے ہوتے ہوئے مہاویر سرکل پہنچ کر احتجاجی نشست کا اہتمام کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی غیرمناسب پالیسیوں کے نفاذ کی وجہ سے تیل، گیس سلنڈر اور ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ کسانوں کے پمپ سیٹ کیلئےبھی بجلی نہیں ہے۔عام لوگوں کا زندگی بسرکرنامشکل ہوچکا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے روزمرہ کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔ مظاہرین نے شکایت کی کہ غریبوں کی زندگی دن بدن بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔صرف 15 دنوں میں گیس سلنڈر 103 روپےبڑھ چکااوراس پر کوئی سبسڈی بھی نہیں مل رہی ہے۔ بجلی کی شرح ضرورت سے زیادہ ہوچکی ہے۔ کھانے کاتیل، دالیں اور سبزیوں کی قیمتیں عروج پر ہیں ۔اتنا سب کچھ ہوجانے کے بعد بھی بی جے پی حکومت کوئی پرواہ کئے بغیر اپنا دامن جھاڑ لینے کا کام کررہی ہے۔محض جذباتی باتیں کہہ کر عوام کو گمراہ کررہی ہے۔عام زندگی کنگال ہوچکی ہے، کسان کنگال ہوچکے ہیں ۔یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ انسان کی سب سے اہم ضرورتوں میں سے ایک لباس ہے جس پر بھی جی ایس ٹی بڑھادی گئی ہےکہتے ہوئے غصے کا اظہار کیا گیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو فوری طور پر قیمتوں کو کنٹرول کرنا چاہئے۔ بجلی ایکٹ میں ترمیم کی جانی چاہئے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کی جانی چاہئے۔ کسانوں کے پمپ سیٹ کو بجلی کی فراہمی کرنے پر زوردیا گیا۔مظاہرین نے انتباہ کیا کہ کانگریس آنے والے دنوں میں شدید جدوجہد کا آغاز کریگی ۔  احتجاج میں ضلع کانگریس صدر ایچ ایس سندریش، وجے کمار، ایچ سی یوگیش، رامی گوڑا، چندر شیکھر، چندربھوپال، ریکھا رنگناتھ، ایچ پی گریش، سوگندھیکا، وشواناتھ کاشی کویتا وغیرہ موجودتھے۔