زندگی کے آداب سکھانے والی تصنیف "آداب زندگی ” کے مصنف مولانا یوسف اصلاحی کا انتقال

Uncategorized

زندگی کے آداب سکھانے والی تصنیف "آداب زندگی ” کے مصنف مولانا یوسف اصلاحی کا انتقال
لکھنؤ(انقلاب نیوز بیورو) :معروف عالم دین مولانا یوسف اصلاحی کا آج بروز منگل 21 دسمبر 2021 کو انتقال ہوگیا ہے۔ انتقال کی خبر عام ہوتے ہی ملی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انتقال سے کئی دن قبل انھیں عارضہ قلب اور سانس کی تکلیف کی وجہ سے مرادآباد کے ایک اسپتال میں شریک کیا گیا تھا۔ مولانا یوسف اصلاحی کا شمار عالم اسلام کے مایہ ناز علما میں ہوتا ہے۔ آپ کی لکھی گئی کتابیں برصغیر ہند و پاک، امریکہ، یورپ اور دیگر ممالک میں بڑی شوق سے پڑھی جاتی ہے۔

مولانا یوسف اصلاحی جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شورہ اور مجلس نمائندگان کے رکن تھے۔ ایک زمانے میں جماعت اسلامی نے جو تصنیفی ادارہ قائم کیا تھا، اس سے بھی مولانا وابستہ تھے۔ بعد میں وہ ادارہ جب رام پور سے علی گڑھ منتقل ہوگیا تو مولانا اس سے علاحدہ ہوگئے۔ مولانا یوسف اصلاحی رام پور سے جاری ہونے والے مشہور رسالہ ماہنامہ ذکریٰ کے مدیر تھے۔ جو اب بھی دہلی سے شائع ہوتا ہے۔

سکریٹری شعبہ اسلامی معاشرہ، جماعت اسلامی ہند و معروف عالم دین ڈاکٹر مولانا رضی الاسلام ندوی نے مولانا یوسف اصلاحی کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔ انھوں نے مولانا یوسف اصلاحی کے صاحبزادہ ڈاکٹر سلمان اسعد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مولانا اصلاحی کا انتقال آج صبح 1:15 بجے ہوا۔ ڈاکٹر سلمان اسعد نے بتایا کہ تدفین بعد آج بعد نماز عصر 4:30 بجے مولانا کے وطن رام پور میں ہوگی۔

مولانا یوسف اصلاحی لڑکیوں کا مشہور مدرسہ جامعۃ الصالحات (بانی مولانا ابوسلیم عبدالحئی) کے ناظم رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کی رام پور میں مرکزی درس گاہ اسلامی کمیٹی کے مجلس منتظمہ کے صدر تھے۔ مولانا مرحوم کی ایک اہم کتاب آسان فقہ دو جلدوں میں ہے، جو کہ عام فہم انداز میں لکھی گئی ہے۔اسکے علاوہ انہوں نے آداب زندگی بھی نامی کتاب بھی لکھی ہے جو دنیا بھر میں اسلام کے بنیادی طریقوں کو سیکھنے والی آسان کتاب مانی جاتی ہے۔