عوامی حقوق کی فراہمی کے بغیرجمہوریت کاتصورنہیں:راہل گاندھی 

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ہفتہ کومرکزی حکومت پر لوگوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرنے کا الزام لگایاہے۔ کانگریس کے سابق صدرنے کہاہے کہ دنیاکی سب سے بڑی جمہوریت عوامی حقوق کے بغیرکچھ نہیں ہے۔ انہوں نے عوام سے سوال کیاہے کہ کیا وہ بنیادی اور عوامی حقوق کے بغیر ہندوستان کا تصور کرسکتے ہیں؟ راہل گاندھی نے ٹویٹ کیاہے کہ عوامی حقوق کے بغیر دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا کیا فائدہ؟ مودی حکومت شروع سے ہی لوگوں کے حقوق کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ کچھ حقوق گنتے ہوئے راہل گاندھی نے کہاہے کہ کھانے کا حق ، تاکہ کسی کو بھوک کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تعلیم کا حق ، آج ہر بچہ اسکول جاتا ہے، اپنے اور ملک کے لیے ایک بہتر کل بناتاہے۔ روزگار کا حق، بی جے پی کی سخت مخالفت کے باوجود یو پی اے نے عوام کو روزگار کی گارنٹی فراہم کی ہے۔ اس نے کووڈکے مشکل وقت میں بھی ہم وطنوں کی مدد کی۔ راہل گاندھی نے کہاہے کہ شفافیت جمہوریت کا دوسرا نام ہے۔راہل گاندھی نے مزیدکہاہے کہ معلومات کا حق‘ شفافیت کا دوسرا نام ہے۔ لوگوں کو سوال کرنے اور جواب حاصل کرنے کا حق ہے۔ آر ٹی آئی بھی یو پی اے نے دی تھی۔ وزیراعظم کو ان میں سے کون سے حقوق پر اعتراض ہے؟ اورکیوں؟ اس سے پہلے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی کے یوتھ منشور کا آغاز کرتے ہوئے راہل گاندھی نے بی جے پی حکومت پرتنقیدکی ہے۔