بنگلورو:۔ساکالااسکیم کے تحت درخواستیں جمع کرانے کے بعد تصفیہ میں تاخیر کا سامنا کرنے والے افراد اب بٹن دبانے پر معاوضہ حاصل کرسکتے ہیں۔ ریاستی حکومت نے اس اسکیم کے آغاز کے تقریباً ایک دہائی بعد یہ انتظام کیا ہے۔ شہری معاوضے کا مطالبہ کر سکتے ہیں جیسا کہ قانون میں بیان کیا گیا ہے۔ساکال (شہریوں کو خدمات کی گارنٹی ایکٹ) ایک مقررہ مدت کے اندر خدمات کی فراہمی کا وعدہ کرتا ہے۔ ایکٹ کے تحت، ہر نامزد افسر جو مقررہ وقت کے اندر خدمات فراہم کرنے میں ناکام رہتا ہے وہ 20 روپے یومیہ اور زیادہ سے زیادہ 500 روپے تک کا معاوضہ ادا کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔ساکل یوجنا کے ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر بی۔ آر ممتا نے کہا کہ اب شہریوں کو ایس ایم ایس الرٹ بھیجے جائیں گے کہ ان کی سروس میں تاخیر ہو رہی ہے اور وہ معاوضے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔ اگر وہ لنک پر کلک کرتے ہیں اور اپنی آدھار کی تفصیلات درج کرتے ہیں تو معاوضہ ان کے آدھار سے منسلک بینک اکاؤنٹ میں جمع کر دیا جائے گا۔ سروس میں تاخیر کے دنوں کی تعداد کی بنیاد پر قیمت طے کی جائیگی۔ایڈیشنل چیف سکریٹری (ای گورننس) راجیو چاولہ نے بتایا کہ 10 سالوں میں شہریوں کو معاوضے کے طور پر 3.39 لاکھ روپے ادا کیے گئے ہیں۔ یہ صرف 33900 روپے سالانہ ہے۔ زیادہ تر شہریوں میں اس شعور کی کمی ہے کہ وہ یہ معاوضہ حاصل کر سکیں۔ نفاذ بھی سست تھا کیونکہ متعلقہ افسر کو ڈرافٹ کے ذریعے ادائیگی کرنی پڑتی تھی اور شہریوں کو اس کے لیے بھاگنا پڑتا تھا۔2564 افسران عوام کو معاوضہ ادا کر رہے تھے۔ لیکن، اب اس کے لیے 99 نوڈل افسران کو مقرر کیا گیا ہے، جو ادائیگی کی اجازت دیں گے۔ اگر یہ نوڈل افسر ادائیگی میں سات دن سے زیادہ تاخیر کرتے ہیں تو کارروائی کی جائے گی۔ساکل یوجنا کے ایڈیشنل مشن ڈائریکٹر بی۔ آر ممتا نے کہا کہ نوڈل افسر شہری کو سرکاری خزانے سے ادائیگی کریگا۔ رقم متعلقہ افسر کی تنخواہ سے کاٹی جائیگی کیونکہ افسران کو جوابدہ بنانا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اور ای-گورننس کے سربراہ بسواراج بومائی کی ہدایات پر عہدیدار تمام مسترد شدہ درخواستوں میں سے 10 فیصد کی جانچ کرینگےاور غلط طریقے سے مسترد کیے گئے کیسز دوبارہ کھولے جائینگے۔ اس وقت ساکال کے تحت 1115 خدمات دستیاب ہیں۔
