یوکرین کی راجدھانی کیف میں ہندوستانی طالب علم گولی لگنے سے زخمی: مرکزی وزیر وی کے سنگھ
ہم ثالثی کے لئے تیار ہیں : شاہ سلمان

نئی دہلی/ریاض: مرکزی وزیر وی کے سنگھ کے مطابق یوکرین کی راجدھانی کیف میں ایک ہندوستانی طالب علم مبینہ طور پر زخمی ہو گیا ہے۔ خبررساں ایجنسی اے این آئی نے وی کے سنگھ کے حوالہ سے بتایا کہ طالب علم کیف سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہا تھا، تبھی وہاں ہو رہی گولی باری میں وہ زخمی ہو گیا۔ مرکزی وزیر وی کے سنگھ نے بتایا کہ زخمی ہونے کے بعد طالب علم کو واپس شہر میں لے جایا گیا، جہاں اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال طالب علم کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ جنرل سنگھ نے کہا، "ہندوستانی سفارت خانے نے پہلے ہی ترجیحی بنیادوں پر واضح کر دیا تھا کہ سب کو کیف سے نکل جانا چاہیے۔ جنگ کی صورت میں بندوق کی گولی کسی کے مذہب اور قومیت کو نہیں دیکھتی۔’‘جنرل وی کے سنگھ نے کہا، ’’ہم نے رپورٹ سنی ہے کہ کیف چھوڑنے والے ایک طالب علم کو گولی مار دی گئی ہے۔ اسے واپس کیف لے جایا گیا ہے۔ یہ سب دوران جنگ ہو رہا ہے۔‘‘ خیال رہے کہ جنرل وی کے سنگھ ان چار وزرا میں سے ایک ہیں جنہیں جنگ زدہ یوکرین سے ہندوستانیوں کے انخلا کی نگرانی کے لئے یوکرین کے ہمسایہ ممالک میں خصوصی ایلچی کے طور پر بھیجا گیا ہے۔

دوسری جانب یوکرین میں روسی فوجی آپریشن اپنے نویں دن میں داخل ہو رہا ہے۔ دوسری طرف عالمی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان مزید جنگ روکنے کے لیے ثالثی کی کوششیں بھی تیز ہوگئی ہیں۔ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن عبدالعزیز جو مملکت کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع بھی نے کل جمعرات کو روسی صدر ولادی میر پوتین سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔سعودی پریس ایجنسی "ایس پی اے” کے مطابق کال کے دوران انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔۔
