کرناٹک کی بی جے پی حکومت ملک کی سب سے بدعنوان: راہل گاندھی 

اسٹیٹ نیوز
بنگلورو:۔کانگریس رہنما راہل گاندھی نے کرناٹک کے تمام کانگریس رہنماؤں سے کہا ہے کہ آنے والے اسمبلی انتخابات کا وہ متحد ہو کر سامنا کریں اور یہ طے کرلیں کہ ان انتخابات میں پارٹی کو فیصلہ کن جیت سے ہمکنار کریں گے اور کم از کم 150سیٹیں حاصل کریں گے۔کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی دفتر کے راجیو گاندھی آڈیٹوریم میں کانگریس کی رکنیت سازی مہم کے سلسلے میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ر اہل گاندھی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات ایک سال دور ہیں لیکن پارٹی کے امیدواروں کی فہرست انتخابات سے چھ ماہ پہلے ہی قطعیت دے دی جائے گی تاکہ ہر اسمبلی حلقہ میں امیدوار کو عوام کے درمیا ن اترکر کام کرنے کا موقع مل سکے- راہل نے کہا کہ کرناٹک میں سب سے زیادہ پارٹی کی ڈجیٹل رکنیت سازی عمل میں آئی ہے اس کے باوجود ان کا مشورہ ہے کہ پارٹی کارکنوں کو گھر گھر اور ہر پولنگ بوتھ سطح پر جاکر کام کرنا ہو گا اور عوام کو بنیادی مسائل کی طرف متوجہ کروانا ہو گا- انہوں نے مرکزاور ریاست کی بی جے پی حکومت پر الزام لگایا کہ ملک اور ریاسست کی ترقی کیلئے کچھ بھی کرنے میں ناکام ہوجانے کے سبب عوام کو گمراہ کرنے کیلئے بی جے پی جذباتی مسائل کو اچھال کر عوام کو مذہبی بنیاد پر بانٹنے کی کوشش کر رہی ہے – کانگریس کارکنوں کو چاہئے کہ اس فرقہ پرست پروپیگنڈہ کا جواب دینے کیلئے عوام کے سلگتے ہوئے مسائل کو لے کر ان کو سلجھانے میں حکومت کی ناکامی کا خوب پروپیگنڈہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی امیدواروں کا انتخا ب ان کے دیرینہ ماضی کی بنیاد پر نہیں بلکہ فی الحال پارٹی کیلئے ان کی خدمات کو کسوٹی بنا کر مقامی پارٹی کارکنوں او ر عوام میں ان کی مقبولیت کی بنیاد پر دے گی – کسی رہنما کی پسند یا نا پسند کی پرواہ کئے بغیر امیدواروں کا انتخاب کیا جائیگا – کرناٹک میں حکومت کی بدعنوانی کو نشانہ بناتے ہوئے راہل نے کہا کہ کنٹراکٹرو ں کی انجمن کے صدر کی طرف سے وزیر اعظم مودی کو خط لکھا گیا ہے کہ ان سے 40فیصد کمیشن مانگا جا رہا ہے- انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں کرناٹک کی حکومت سب سے زیادہ کرپٹ حکومت ہے – بی جے پی جہاں جذباتی مسائل کو اچھال کر عوام کی توجہ کو مہنگائی، کرپشن، معاشی بحران وغیرہ سے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے وہیں کانگریس کارکن آنے والے دنوں میں عوام کو ان کے سلگتے ہوئے مسائل کی طرف متوجہ کرواتے رہیں – انہوں نے کہا کہ ملک میں بی جے پی حکومت کی وجہ سے پریشان اقلیتوں، دلتوں، خواتین اور دیگر طبقات کو ساتھ میں لے کر کرناٹک میں کانگریس ریاست کو بدعنوانی سے نجات دلانے کی مہم شروع کرے -اس پروگرام میں راہل گاندھی نے کانگریس کی رکنیت سازی مہم میں کام کرنے والے کانگریس کارکنوں سے زوم پر مذاکرہ کیا – اس موقع پر بتایا گیا کہ پارٹی نے گزشتہ دنوں چلائی گئی رکنیت سازی مہم کے دوران 60لاکھ لوگوں کو ممبربنا یا گیا ہے اس کیلئے ریاست کے 58186پولنگ بوتھوں کی سطح پر کارکنوں نے کام کیا ہے -اس پروگرام میں سرکردہ کانگریس رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔