کنٹرا کٹر اسوسی ایشن کا 25؍ مئی سے کرناٹک میں سرکاری تعمیراتی کام بند کرنے کا اعلان

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

بنگلور:۔کرناٹکا کنٹراکٹرس اسو سی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ مختلف سرکاری محکموں میں بے تحاشہ بدعنوانی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسوسی ایشن کے تمام اراکین 25 ؍ مئی تک تمام سرکاری تعمیراتی کام روک دیں گے۔ اسو سی ایشن نے مطالبہ کی ہے کہ 40 فیصد کمیشن کا مطالبہ وزرا اور دیگر اراکین کی طرف سے کئے جانے کے الزامات کی آزادانہ تفتیش کرائی جائے۔ کنٹراکٹروں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کو دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔ اگر وزیر اعلی بسواراج بومئی نے 15 دنوں کے اندروزراء کی رشوت خوری کا سلسلہ ختم نہیں کیا تو وہ پانچ تا چھ وزراء اور 20 لیجسلیٹروں کے خلاف دستاویزات جاری کریں گے۔جن سے رشوت خوری کا ثبوت مل سکے گا۔ جولائی 2021 میں اسوی ایشن نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب لکھ کر شکایت کی تھی کہ سرکاری تعمیراتی کاموں کے لئے 40 فیصد کمیشن کا وزراء، اراکین اسمبلی اور دیگر عناصرمطالبہ کررہے ہیں۔اس مکتوب کے بعد سیاسی طوفان کھڑا ہو گیا تھا۔ اسوسی ایشن کے صدر ڈی کیمنّا نے کہا کہ 25 مئی کو بنگلور میں ایک بڑی ریلی نکالی جا ئیگی ۔جس میں ریاست بھر سے پچاس ہزار سے زائد کنٹراکٹر شرکت کریں گے۔اس کے بعد ایک مہینہ تک پوری ریاست میں سرکاری تعمیراتی کام کاج روک دیا جا ئے گا۔