چنئی:۔تمل ناڈو کے محکمہ صحت نے جمعہ کو جاری ایک حکم میں ریاست میں ماسک پہننے کو ایک بار پھر لازمی قرار دیا ہے۔ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 500 روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ محکمہ نے کہا کہ ملک میں، خصوصاً دہلی میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔تمل ناڈو میں بھی گزشتہ کچھ دنوں میں کورونا کے تازہ معاملوں میں معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ محکمہ نے پہلے متاثرین کی تعداد میں گراوٹ کے بعد ماسک کی لازمیت کو واپس لے لیا تھا۔ اب معاملوں میں اضافہ دیکھے جانے کے بعد ایک بار پھر ماسک کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ تمل ناڈو میں جمعرات کو 39 افراد کورونا پازیٹو پائے گئے تھے۔قابل ذکر ہے کہ آئی آئی ٹی مدراس کے 12 طالب علم بھی کورونا پازیٹو پائے گئے اور ادارہ کو جمعرات کو کورونا زون قرار دے دیا گیا تھا۔ حالانکہ گنڈی سرکاری اسپتال سے ابتدائی علاج کرانے کے باوجود طلبا کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں پڑی تھی۔ آئی آئی ٹی مدراس کے ذرائع نے خبر رساں ایجنسی اائی اے این ایس کو بتایا کہ جب وہ گنڈی سرکاری اسپتال میں طلبا کو داخل کرنے کے لیے تیار تھے، تو ڈاکٹروں نے انھیں بتایا کہ طلبا کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
