ساگر: شہر بھر میں ٹرایفک کے نظام کو درست کرنے اور ساگرتعلقے میں ٹرایفک پولیس اسٹیشن کو منظوری دینے کی اپیل یہاں کے ٹیکسٹائل مرچنٹس اسوسیشن اور جنرل مرچنٹس اسوسیشن نے ہفتہ کے روز ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سےکی ہے۔ اس موقع پر ٹیکسٹائل ٹریڈراسوسیشن کے صدر گنپتی سولے گوڑو نے بات کرتے ہوئے کہاکہ شہر کے علاقے میں جے سی روڈ، مارکیٹ روڈ، سورباروڈ اور اشوک روڈ پر ٹرایفک میں افراتفری کا ماحول بنارہتا ہے۔ان سڑکوں میں ٹرافک کا مکمل نظام درہم برہم ہوچکا ہے۔ سڑک کے دونوں طرف گاڑیاں کھڑی رہنے کی وجہ سے تجارتی کاروبار میں شدید خلل پڑرہاہے۔ اگر تاجران سواروں سے یہاںگاڑیوں کو نہ روکنے کوکہتے ہیںتو سوار تاجران پر برس پڑتے ہیںاورہنگامہ برپا کر دیتے ہیں۔کئی بار محکمہ پولیس کویہاں کے ٹرایفک کو ٹھیک کرنے کی درخواست کی گئی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ تیز رفتار ڈرائیونگ،اورجہاں من کرےوہاں گاڑیوں کو روک دینا عام بات ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں پی سی آر گاڑی موجود ہے لیکن یہ ٹرایفک کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے۔ ساگر میں ٹرایفک بڑھنے کے ساتھ ہی ٹرایفک اسٹیشن کا قیام بھی اشد ضروری ہوچکا ہے۔ انہوں نے مقامی رکن اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت پر فوری دباؤ ڈالیں۔ اگرایسا نہیں کیا گیا توتاجر یونین کی جانب سے شدید احتجاج کیا جائے گا۔اس موقع پر ناگراج، اشوک گجر، سیتارام، دنیش، رگھو، چندرشیکھروغیرہ موجودتھے۔
