شیموگہ:۔شیر خوار بچوں سے لے کر15 سال تک کے بچوں کو خسرہ اورروبیلا سے بچاؤ کیلئے بروقت ویکسین لگائیں،کیونکہ یہ انفیکشن شیرخوار بچوں سے لیکر18 سال تک کے بچوں کو متاثر کرتا ہے۔اس بات کی ہدایت ضلع ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سیلوامنی نے دی ہے۔وہ آج اپنے دفتر میں خسرہ اورروبیلا انفیکشن پر قابو پانے کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم اور کنٹرول کے اقدامات کے حوالے سے پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اس دوران انہوں نے کہاکہ خسرہ او رروبیلا انفیکشن سے بچنے کیلئے شیرخوار بچوں سے لیکر15 سال تک کے بچوں کو یہ ویکسین دی جائیگی اور یہ ویکسین ضلع کے تمام اسکولوں اور کالجوں اور آنگن واڑیوں اور تمام سرکاری صحت کے اداروں میں دی جارہی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ یہ بیماری شدید غذائی قلت والے بچوں میں پائی جارہی ہے،جس کیلئے ایسے بچوں کی شناخت کرنے کیلئے سروے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور بچوں کی نشاندہی کرنا اور ان کی غذائیت اور وٹامن اے کی قلت کومہیاکرواناہوگا۔اگر پانچ سال سے کم عمر کے بچے کو روبیلا سے بچاؤ کے ٹیکے پہلے نہیں لگائے گئے تو ایسے بچوں کی شناخت اور ویکسین کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ اس انفیکشن پر قابو پانے کیلئےحکومت اور سرکاری طبی اداروں کے ذمہ داران کو تربیت اور معلومات فراہم کرنے کے علاوہ، اسکول کے اساتذہ، آشا اور آنگن واڑی کارکنوں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ قریبی بنیادی مراکز صحت میں تربیت حاصل کریں اور سروے کریں اور ان لوگوں کو مطلع کریں۔ اسی طرح ضلع کے تمام تعلقوں میں گھر گھر سروے کیا جائے، متاثرہ افراد کی شناخت کی جائے، ان کی ویکسی نیشن کی جائے اور انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔مزید انہوں نے کہاکہ ضلع کے تمام پرائمری اور ہائی اسکولوں کے میر معلمین اوراساتذہ کواس انفیکشن کے بارے میں مطلع کیاجائے ، اگر اس طرح کے کیسز ظاہر ہوں تو وہ محکمہ صحت کے عملے کو اس کی اطلاع دےسکتے ہیں۔
